راہول کے خلاف ریمارکس ‘ سبرامنین سوامی پر مقدمہ درج

   

جش پور / رائے پور 7 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) چھتیس گڑھ پولیس نے بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا سبرامنین سوامی کے خلاف کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے خلاف جھوٹا بیان جاری کرنے پر ایک ایف آئی آر درج کرلیا ہے ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ جش پور ضلع کانگریس صدر پون اگروال کی شکایت پر پٹھل گاوں پولیس اسٹیشن میں سوامی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس شنکر لال باگھیل نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر اگروال نے اپنی تحریری شکایت میں کہا ہے کہ سبرامنین سوامی نے راہول گاندھی پر کوکین استعمال کرنے کا جھوٹا الزام عائد کیا تھا ۔ انہو ںنے کہا کہ سبرامنین سوامی کا یہ بیان جھوٹا ہے اور انہیں اس طرح کے ریمارکس کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوامی نے محض راہول گاندھی کی توہین کیلئے یہ بیان جاری کیا تھا ۔