راہول گاندھی، کھرگے اور پرینکا گاندھی سے ریونت ریڈی کی ملاقات

   

گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت، راجناتھ سنگھ اور اشونی ویشنو کو بھی مدعو کیا
حیدرآباد۔ 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی، صدر اے آئی سی سی ملکارجن کھرگے اور بعض مرکزی وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے فیوچر سٹی کے مجوزہ گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ چیف منسٹر جو کل رات نئی دہلی پہنچ چکے تھے انہوں نے ملکارجن کھرگے سے ملاقات کرتے ہوئے دعوت نامہ حوالے کیا۔ انہوں نے ریاست کی ترقی کے جامع منصوبہ سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے صبح میں راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی سے ملاقات کی اور گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اس موقع پر بھٹی وکرامارکا کے علاوہ اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن اور پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ موجود تھے۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ریلویز اشونی وایشنو سے ملاقات کرتے ہوئے گلوبل سمٹ کا دعوت نامہ حوالے کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ ملو روی، کے رگھوویر ریڈی، سریش شیٹکر، کرن کمار ریڈی، کڈیم کاویا، جی ومشی کرشنا اور انیل کمار یادو موجود تھے۔ چیف منسٹر نے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے پارلیمنٹ میں ملاقات کی اور گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ راجناتھ سنگھ کو تلنگانہ کے ترقیاتی منصوبہ سے واقف کرایا گیا۔ 1