چرچ اورگرد وارہ میں خصوصی دعائیہ اجتماع، کورونا سے نمٹنے میں ناکامی کا حکومت پر الزام
حیدرآباد۔ کانگریس قائدین نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سابق صدر راہول گاندھی، سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کی کورونا سے صحتیابی کیلئے مختلف مذاہب کے مطابق دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیا۔ سکریٹری اے آئی سی سی اور سابق رکن اسمبلی سمپت کمار کی قیادت میں کانگریس قائدین نے درگاہ حضرات یوسفین ؒ نامپلی پہنچ کر چادرپیش کی اور کانگریس قائدین کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے دعا کی۔ تلنگانہ پردیش کانگریس میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل، جنرل سکریٹری آل انڈیا یوتھ کانگریس انیل کمار یادو، او بی سی ڈپارٹمنٹ کے قائد ایم سریکانت اور دیگر قائدین نے بارگاہ یوسفینؒ میں حاضری دی ۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمپت کمار نے کہا کہ کانگریس پارٹی تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرتی ہے اور اسے یقین ہے کہ کُل مذاہب مذہبی اجتماعات سے راہول گاندھی، منموہن سنگھ اور اتم کمار ریڈی جلد صحت یاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کی بے قابو لہر سے نمٹنے میں ریاستی و مرکزی حکومتیں ناکام ہوچکی ہیں۔ عوام کی زندگی سے حکومت کھلواڑ کررہی ہے۔ سرکاری اور خانگی دواخانوں میں آکسیجن کے علاوہ وینٹی لیٹرس کی کمی کے نتیجہ میں اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کی جانب سے میڈیکل بلیٹن میں جاری کئے جانے والے اعداد و شمار ناقابل بھروسہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں میڈیکل ایمرجنسی کی صورتحال ہے لیکن احتیاطی تدابیر میں حکومتوں کی لاپرواہی افسوسناک ہے۔ کانگریس قائدین نے آج سینٹ جوزف چرچ سکندرآباد پہنچ کر خصوصی دعائیہ اجتماع میں شرکت کی۔ کانگریس قائدین نے گردوارہ صاحب سکندرآباد میں خصوصی دعائیہ اجتماع کا اہتمام کیا ۔اس موقع پر سمپت کمار کے علاوہ بی وینکٹ، این سریکانت، ایم روہت، دیانند، مہیش راج اور دوسرے موجود تھے۔ کانگریس قائدین نے راہول گاندھی، منموہن سنگھ اور اتم کمار ریڈی کی صحت یابی کیلئے عوام سے بھی خصوصی دعا کی اپیل کی ہے۔