کانگریس قائدین اترپردیش حکومت پر دباؤ ڈالنے میں کامیاب ۔ لکھیم پور تشدد اور تازہ صورتحال کا جائزہ لیا
لکھیم پور کھیری ( یو پی) : کانگریس ایم پی راہول گاندھی اور ان کی بہن پرینکا گاندھی چہارشنبہ کو آخر کار اُن کسانوں کے خاندانوں سے ملاقات کرنے میں کامیاب ہوئے جو اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری کے گاؤں ٹیکونیا میں اتوار کو پیش آئے نہایت افسوسناک تشدد میں ہلاک ہوئے ۔ راہول اور پرینکا اور دیگر قائدین نے رات تقریباً 9بجے پالیا میں واقع چوکھاڑہ فام میں مہلوک کسان لوو پریت کی غمزدہ فیملی سے ملاقات کی ۔ راہول اور پرینکا کے ہمراہ کسان خاندانوں سے ملاقات کے دوران چیف منسٹر چھتیس گڑھ بھوپیش بگھیل ، چیف منسٹر پنجاب چرن جیت سنگھ اور راجیہ سبھا ایم پی دپیندر سنگھ ہوڈا بھی موجود رہے ۔ سیتاپور سے لکھیم پور کھیری تک سارے راستے میں سخت رکاوٹیں لگائی گئی تھیں ۔ لکھیم پور ضلع نظم و نسق نے صرف سات گاڑیوں پر مشتمل قافلے کو ضلع میں داخلے کی اجازت دی ۔ چنانچہ سابق ڈپٹی چیف منسٹر راجستھان سچن پائیلٹ اور کانگریس لیڈر آچاریہ پرمود کرشنم خوش قسمت نہ رہے کیونکہ انہیں مراد آباد میں محروس کرلیا گیا جب کہ وہ کار کے ذریعہ لکھیم پور کی طرف بڑھ رہے تھے ۔ قبل ازیں دن میں عام آدمی پارٹی کے ایم پی سنجے سنگھ بھی غمزدہ کسان خاندانوں سے ملاقات کیلئے لکھیم پور گئے تھے ۔ صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو اور بی ایس پی جنرل سکریٹری ستیش چندر مشرا جمعرات کو لکھیم پور کا دورہ کریں گے ۔ قبل ازیں کانگریس کی پرینکا گاندھی کو سیتاپور (اترپردیش) کے گیسٹ ہاؤز میں 3 روزہ میں محروسی کے بعد آخر کار آج رہا کردیا گیا ۔ اس کے بعد وہ اپنے بھائی راہول گاندھی کے ساتھ شامل ہوگئیں ۔ لکھنؤ میں جب راہول ایرپورٹ پہنچے تب وہاں یو پی پولیس کے ساتھ ان کی لفظی جھڑپ ہوئی ۔ راہول کے ہمراہ پنجاب اور چھتیس گڑھ کے چیف منسٹرس تھے ۔دریں اثناء پنجاب کانگریس نے اپنے ریاستی سربراہ نوجوت سنگھ سدھو کی قیادت میں جمعرات کو اترپردیش کے لکھیم پور کھیری تک احتجاجی مارچ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ کسانوں کی ہلاکتوں کے مسئلہ پر احتجاج درج کرائیں گے ۔ پارٹی ذرائع نے آج چندی گڑھ میں بتایا کہ یہ مارچ دوپہر میں موہالی سے شروع ہوگا ۔ سدھو نے گزشتہ روز کہا تھا کہ پارٹی کی اسٹیٹ یونٹ لکھیم پور کی طرف مارچ کرے گی اور مرکزی وزیر اجئے مشرا کے بیٹے کو گرفتار کرنے کیلئے دباؤ ڈالے گی ، جو لکھیم پور میں اتوار کو پیش آئے گھناؤنے واقعہ اور تشدد میں ملوث ہے ۔ عام آدمی پارٹی بھی اس معاملہ میں اپنا احتجاج درج کرانے آگے آئی ہے ۔ پارٹی قائدین نے ایک متاثرہ کسان کے رشتہ داروں سے ملاقات کی ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے متاثرہ خاندان سے فون پر بات کی ۔
لکھیم پور تشدد منصوبہ بند سازش کا نتیجہ : ایف آئی آر
لکھیم پور کھیری : اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری کا تشدد منصوبہ بند سازش کا نتیجہ ہے جو مرکزی وزیر اجئے مشرا کے بیٹے آشیش مشرا نے رچائی ، فرسٹ انفارمیشن رپورٹ ( ایف آئی آر ) میں یہ بات پولیس نے بیان کی ہے ۔ اترپردیش کے ضلع بہرائچ میں نندپارہ گاؤں کے متوطن جگجیت سنگھ کی شکایت پر 4 اکٹوبر کو ایف آئی آر درج کی گئی ۔ 3اکٹوبر کو پیش آئے تشدد میں 8 افراد ہلاک ہونے کی اطلاع دی گئی۔ یہ تشدد اُس وقت پیش آیا جب مرکز کے نئے زرعی قوانین کے خلاف کسان احتجاج کررہے تھے ۔ مہلوکین میں 4 کسان بتائے گئے ۔ آشیش نے اپنی گاڑی تیزی سے احتجاجی کسانوں کے گروپ میں گھسا دی جس سے ایک کسان برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ یہ حرکت سوچے سمجھے منصوبہ اور سازش کے ساتھ کی گئی جس میں مرکزی وزیر اور اُن کا بیٹا ملوث ہیں ۔ اترپردیش پولیس نے گذشتہ روز ایف آئی آر کی کاپی جاری کی ہے ۔ مرکزی وزیر کے بیٹے پر مختلف الزامات بشمول قتل اور لاپرواہی کے نتیجہ میں موت کا سبب بننے کے الزام پر مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔