راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے رامپا مندر کی خوبصورتی کو سراہا

   

حیدرآباد۔/18 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے تلنگانہ کی سرزمین کو شہیدوں اور بہادروں کی سرزمین قرار دیا۔ ملگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ رامپا مندر کے درشن سے انہیں کافی خوشی ہوئی ہے اور انہوں نے ملک میں آج تک اتنا خوبصورت مندر نہیں دیکھا ہے۔ ملگ کی سرزمین مبارک سرزمین ہے اور یہ شہیدوں اور قربانیوں کی یادگار ہے۔ عوام انصاف کے طلبگار ہیں اور تلنگانہ کی سرزمین پر سماجی انصاف کیلئے عوام نے جدوجہد کی۔ پرینکا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ کیلئے جان کی قربانی دینے والے سریکانت چاری کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہیدوں نے روزگار، ترقی اور سماجی انصاف کیلئے خواب دیکھا تھا۔ راہول گاندھی نے بھی رامپا مندر کے درشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اتنا خوبصورت مندر انہوں نے پہلے کہیں نہیں دیکھا۔ مندر کے درشن کے موقع پر دونوں قائدین کا روایتی طور پر استقبال کیا گیا اور انہیں پنڈتوں نے آشیرواد دیا۔ تلنگانہ میں کانگریس کی 6 ضمانتوں کی تکمیل کیلئے خصوصی پوجا کی گئی۔