راہول گاندھی اچانک ہاتھرس پہنچے ، حکومت پر مظلومین سے وعدہ خلافی کا الزام

   

نئی دہلی: کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے آج کہا کہ ہاتھرس مظلومین کے ساتھ مجرموں جیسا برتاؤ کیا جا رہا ہے ، جس سے وہ شدید خوفزدہ ہیں، لیکن انہیں ان کے حال پر نہیں چھوڑا جا سکتا اس لئے کانگریس انہیں انصاف دلانے پوری طاقت کے ساتھ متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔اتر پردیش کے ہاتھرس میں آج اچانک پہنچے راہول گاندھی نے مظلوم خاندان کے ارکان سے ملاقات کے بعد کہا کہ متاثرہ خاندان نے انہیں جو داستان سنائی اس نے انہیں جھنجھوڑ کررکھ دیا ہے ۔ مجرم آزاد گھوم رہے ہیں اور مظلومین کیلئے خوف کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ حکومت نے مظلومین سے جو وعدے کیے تھے ، وہ پورے نہیں ہوئے ۔ حکومت نے ہاتھرس کے مظلومین کے ساتھ وعدہ خلافی کی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ چار سال پہلے ہاتھرس میں دلت برادری کی ایک لڑکی کے ساتھ زیادتی اور حملہ ہوا تھا، اور اس معاملے میں تین نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ واقعے کے چند دن بعد لڑکی کی دہلی کے صفدرجنگ اسپتال میں علاج کے دوران موت ہو گئی تھی۔ اس واقعہ پر ملک بھر میں مظاہرے ہوئے تھے ۔راہول گاندھی نے ہاتھرس میں مظلومین سے ملاقات کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ آج ہاتھرس جاکر چار سال پہلے ہوئی شرمناک اور افسوسناک واقعے کے متاثرہ خاندان سے ملا۔ ملاقات کے دوران انہوں نے جو باتیں بتائیں، اس نے مجھے جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ پورا خاندان آج بھی خوف کے سائے میں جی رہا ہے ۔ ان کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ۔ وہ آزادانہ طور پر کہیں آجا نہیں سکتے ۔