راہول گاندھی تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے

   

9 مارچ کے جلسہ کی بڑے پیمانہ پر تیاریاں، پہاڑی شریف کے بجائے شمس آباد میں جلسہ کے انعقاد کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 6۔ مارچ (سیاست نیوز) صدر کانگریس راہول گاندھی 9 مارچ کو تلنگانہ میں پارٹی کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کریں گے ۔ اے آئی سی سی کی جانب سے راہول گاندھی کے پروگرام کو منظوری دیئے جانے کے فوری بعد پردیش کانگریس کمیٹی نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا کی نگرانی میں جلسہ عام کی تیاریوں کا آغاز کیا گیا ۔ جلسہ کے مقام میں تبدیلی کی گئی ۔ اب یہ جلسہ پہاڑی شریف کے بجائے شمس آباد ایرپورٹ کے قریب واقع 30 ایکر اراضی پر منعقد ہوگا۔ چیوڑلہ لوک سبھا حلقہ کے تحت یہ جلسہ منعقد کیا جارہا ہے جس میں گریٹر حیدرآباد کے علاوہ اطراف کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے بلاک اور بوتھ سطح کے کارکن شرکت کریں گے ۔ جلسہ کے انتظامات کے سلسلہ میں سینئر قائدین اور ضلع کانگریس صدور کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری آر سی کنتیا کے علاوہ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی ، اے آئی سی سی سکریٹری سرینواس کرشنن ، رکن پارلیمنٹ کے وشویشور ریڈی و رکن کونسل ، محمد علی شبیر ، ارکان مقننہ سدھیر ریڈی ، سبیتا اندرا ریڈی ، سابق صدر پردیش کانگریس پنالا لکشمیا ، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو اور گریٹر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بیشتر قائدین نے شرکت کی۔

اجلاس میں طئے کیا گیا کہ ہر اسمبلی حلقہ سے بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ گریٹر حیدرآباد سے 5000 سے زائد کارکن شرکت کریں گے۔ فلم اسٹار وجئے شانتی ، سابق جے گیتا ریڈی اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا نے جلسہ عام کی کامیابی کے لئے تجاویز پیش کیں۔ شام 4 بجے جلسہ عام کا آغاز ہوگا جس میں پارٹی کے بوتھ سطح کے قائدین کی شرکت کو ترجیح دی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 36,000 بوتھ سطح کے ورکرس جلسہ عام میں شرکت کرسکتے ہیں۔ راہول گاندھی اس موقع پر غریبوں کیلئے اقل ترین آمدنی ضمانت اسکیم کی تفصیلات کا اعلان کرسکتے ہیں۔ بوتھ سطح کے کارکن اس اسکیم کو عوام تک لے جائیں گے۔ جلسہ عام کے سبب سی ایل پی نے 8 اور 9 مارچ کو کھمم میں آبپاشی پراجکٹس کے دورہ کے پروگرام کو ملتوی کردیا ہے۔ لوک سبھا کیلئے کانگریس امیدواروں کے انتخاب کیلئے اے آئی سی سی اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس 10 مارچ کو منعقد ہوگا۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال اس کمیٹی کے صدرنشین ہیں اور تلنگانہ پردیش الیکشن کمیٹی نے امیدواروں کے سلسلہ میں اپنی تجاویز پیش کردی ہیں۔ ہر لوک سبھا حلقہ کیلئے 1 تا 3 ناموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔