راہول گاندھی دوبارہ کانگریس کی صدارت سنبھال لیں: ہنمنت رائو

   

کانگریس قائد کی سالگرہ تقریب، غریبوں میں اناج اور بلانکٹس کی تقسیم
حیدرآباد۔ 19 جون (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے کہا کہ راہول گاندھی کو پھر ایک بار کانگریس پارٹی کی صدارت کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔ راہول گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر ہنمنت رائو کی جانب سے عنبرپیٹ کے علاقے میں غریبوں کے لیے مختلف پروگرام منعقد کئے گئے۔ انہوں نے صفائی کرمچاریوں اور غریبوں میں بلانکٹس اور اناج تقسیم کرتے ہوئے راہول گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ ہنمنت رائو نے کانگریس پارٹی کی بقا اور استحکام کے لیے راہول گاندھی کی قیادت کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ انہیں فی الفور قیادت کی ذمہ داری سنبھالنی چاہئے۔ ہنمنت رائو نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شکایت کی کہ پارٹی میں ابتداء سے موجود قائدین خود کو تنہا محسوس کررہے ہیں۔ سینئر قائدین کا کوئی احترام نہیں کیا جارہا ہے۔ رکن اسمبلی پی ویریا اور سینئر قائد این راجندر ریڈی موجودہ صورتحال سے ناراض ہیں۔ اس بارے میں سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا اور دیگر قائدین سے بات چیت ہوئی ہے۔ پی ویریا اور راجندر ریڈی کو مشورہ دیا گیا کہ وہ عجلت میں کوئی فیصلہ نہ کریں۔ اسی دوران ہنمنت رائو نے جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا کو تفصیلی مکتوب روانہ کرتے ہوئے پارٹی میں سینئر قائدین کو نظرانداز کرنے کی شکایت کی۔ انہوں نے موجودہ صورتحال پر غور و خوص کے لیے کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ راجندر ریڈی جو ورنگل ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر ہیں، نے لاک ڈائون کے دوران مائگرنٹ ورکرس کے لیے بڑے پیمانے پر ریلیف کا کام انجام دیا۔ ان کی وفاداری کے باوجود بعض گوشوں کی جانب سے ان کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ پارٹی کے قائدین اور کیڈر میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے۔ بھدراچلم کے رکن اسمبلی پی ویریا بھی اسی طرح کی صورتحال سے دوچار ہیں۔ حقیقی کانگریس قائدین کے ساتھ پارٹی میں ناانصافی ہورہی ہے۔ انہوں نے آر سی کنتیا اور صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی سے کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ داخلی معاملات پر غور کیا جاسکے۔