راہول گاندھی سے تلنگانہ کے سرکردہ کانگریس قائدین کی ملاقات

,

   

یکم اپریل سے عوامی مسائل پر جدوجہد کا فیصلہ، قائدین کو اتحاد کی ہدایت، ڈسپلن شکنی قبول نہیں

حیدرآباد۔/30 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے استحکام پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قائد راہول گاندھی نے آج تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے سرکردہ قائدین کو ملاقات کا موقع دیا۔ طویل عرصہ سے تلنگانہ کے قائدین سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملاقات کیلئے وقت مانگ رہے تھے۔ گزشتہ دنوں پارلیمنٹ سیشن کے دوران ریونت ریڈی کے علاوہ اتم کمار ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے راہول گاندھی سے پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں ملاقات کی اور قائدین کو ملاقات کا وقت دینے کی درخواست کی تھی۔ راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد قائدین نے باہمی اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یکم اپریل سے تلنگانہ میں عوامی مسائل پر جدوجہد کا آغاز ہوگا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے راہول گاندھی کو تلنگانہ میں 9 ڈسمبر تا 30 مارچ پارٹی کی رکنیت سازی مہم کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ 40 لاکھ افراد نے کانگریس کی رکنیت قبول کی ہے اور انہیں 2 لاکھ روپئے انشورنس حاصل ہوگا۔ انشورنس کے طور پر راہول گاندھی کے ہاتھوں نیو انڈیا اشورنس کمپنی کو 6.34 کروڑ کا چیک حوالے کیا گیا۔ راہول گاندھی سے ملاقات کرنے والے قائدین میں اتم کمارریڈی، وینکٹ ریڈی، کے جانا ریڈی، محمد علی شبیر، دامودر راج نرسمہا، محمد اظہر الدین، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، پونالہ لکشمیا، مدھو یاشکی گوڑ، ملوروی، مہیش کمار گوڑ، مہیشور ریڈی، بلرام نائیک، پریم ساگر اور دیگر قائدین شامل ہیں۔ ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی نے رکنیت سازی مہم پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ 40 لاکھ رکنیت سازی کے ذریعہ تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ تلنگانہ میں نلگنڈہ سرفہرست رہا جبکہ پدا پلی دوسرے نمبر پر ہے۔ یکم اپریل سے نئے ارکان کیلئے انشورنس قابل عمل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یکم اپریل سے کسانوں، طلبہ، بیروزگاروں اور سماج کے دیگر طبقات کے مسائل کے حل کیلئے عوامی سطح پر ایجی ٹیشن منظم کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مرکز اور ریاست کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاج کو دیہاتوں کی سطح تک پہنچایا جائے۔ اسی دوران باوثوق ذرائع کے مطابق راہول گاندھی نے پارٹی قائدین کو متحد رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندرونی اُمور کے بارے میں برسر عام اظہار خیال برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈسپلن شکنی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ راہول گاندھی نے سینئر قائدین سے تجاویز حاصل کیں اور احتجاجی پروگراموں میں حصہ لینے کیلئے تلنگانہ کا دورہ کرنے سے اتفاق کیا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ہر سطح پر اتحاد اور منظم مساعی کے ذریعہ تلنگانہ میں کانگریس کو دوبارہ برسراقتدار لایا جاسکتا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام ٹی آر ایس حکومت کی پالیسیوں سے نالاں ہیں اور کانگریس کو اقتدار میں لانے کیلئے بے چین ہیں۔ ذرائع کے مطابق راہول گاندھی سے ملاقات سے قائدین میں ایک نیا جوش پیدا ہوا ہے۔ ر