مشن 2023 ء کے تحت متحدہ کام کرنے کا مشورہ، عوامی مسائل پر جدوجہد کی ستائش
حیدرآباد۔8 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کے نئے صدر ریونت ریڈی کے تقرر اور ان کی ٹیم کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ راہول گاندھی نے نئی ٹیم کو نئی دہلی طلب کرتے ہوئے ملاقات کا موقع دیا ۔ تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے علاوہ قائدین میں اتحاد اور ٹی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد پر راہول گاندھی نے ریونت ریڈی اور ان کی ٹیم کو کئی مشوروں سے نوازا۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ 2023 ء میں پارٹی کو برسر اقتدار لانے کے مشن کے ساتھ کام کریں اور اجتماعی طور پر جدوجہد کی جائے ۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کے علاوہ دلتوں اور دیگر کمزور طبقات کے حقوق کیلئے مساعی کی ستائش کی۔ راہول گاندھی نے دلت اور گریجن طبقات کے جلسوں کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ ریونت ریڈی نے جلسوں میں عوام کی بھاری شرکت اور عوام میں کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے واقف کرایا۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی کو دلت اور گریجن طبقات کے 17 ستمبر کے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی گئی ۔ مہم کے آخری جلسہ میں جو چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ گجویل میں منعقد ہوگا ، راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن ملکارجن کھرگے نے شرکت سے اتفاق کرلیا ہے۔ اس جلسہ میں لوک سبھا کی سابق اسپیکر میرا کمار کو بھی مدعو کئے جانے کا امکان ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق راہول گاندھی نے ریونت ریڈی کی مساعی کو سراہا اور مشورہ دیا کہ وہ تمام پارٹی قائدین کو ساتھ لے کر کام کریں۔ راہول نے پہلے مرحلہ میں ریونت ریڈی کے ساتھ ورکنگ پریسیڈنٹس اور دو کمیٹیوں کے ذمہ داروں کو ملاقات کا موقع دیا ۔ راہول گاندھی سے ملاقات کرنے والوں میں جنرل سکریٹری انچارج مانکیم ٹیگور ایم پی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ ، کمیٹی کے کنوینر عظمت اللہ حسینی ، اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو ، سرینواس کرشنن ، ورکنگ پریسیڈنٹس ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، محمد اظہرالدین ، مہیش کمار گوڑ ، انتخابی تشہیر کمیٹی کے صدرنشین دامودر راج نرسمہا ، پروگرام کمیٹی کے صدرنشین مہیشور ریڈی شامل ہیں۔ R