راہول گاندھی سے سید عظمت اللہ حسینی کی ملاقات

   

کمیونٹی لیڈر شپ کو فروغ دینے کی نمائندگی ، 40 تا 45 حلقوں پر مسلمانوں کا فیصلہ کن موقف
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس تشہیری کمیٹی کے کنوینر سید عظمت اللہ حسینی نے کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی سے ملاقات کے دوران ریاست میں کانگریس پارٹی کے لیے مسلمانوں کا دوبارہ اعتماد بحال کرنے کے علاوہ دوسرے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ راہول گاندھی نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کے علاوہ ان سے ملاقات کرنے والے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ سماج کے تمام طبقات سے انصاف کریں ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے بتایا کہ نئی تشکیل پانے والی کمیٹی کے علاوہ دوسری کمیٹیوں کے ذمہ داروں سے راہول گاندھی مختلف امور پر بات چیت کی جس میں 7 تا 8 نکات میں مسلمانوں کا مسئلہ بھی شامل تھا ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ محمد اظہر الدین اور وہ مسلمانوں کے مسائل اور انہیں پارٹی سے قریب کرنے کے معاملے میں تجاویز پیش کیں ہیں جس کو راہول گاندھی نے کافی سکون سے سنا ہے ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے 40 تا 45 اسمبلی حلقوں میں مسلمانوں کا فیصلہ کن موقف ہے ۔ ان حلقوں میں مسلمان جس کو ووٹ دیتے ہیں وہ امیدوار کامیاب ہوتا ہے ۔ کانگریس کے 10 سالہ دور حکومت میں کانگریس کے اقلیتی قائدین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مسلمانوں کی لیڈر شپ ابھارنے کے بجائے مجلس کی حوصلہ افزائی کی گئی جس کے نتیجے میں کانگریس کے مسلم قائدین کو وہ مقام نہیں ملا جس کے وہ مستحق تھے ۔ لہذا اب کانگریس پارٹی کو کمیونٹی لیڈر شپ فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ اس پر خصوصی توجہ دی گئی تو مسلمانوں کے ساتھ دوسرے طبقات کی بھی کانگریس کو بھر پور تائید حاصل ہوگی ۔۔ N