کریم نگر میں سابق وزیر کی کانگریس میں شمولیت کا امکان
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے تلنگانہ میں تین لوک سبھا امیدواروں کے بارے میں عنقریب فیصلہ ہوجائے گا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سنٹرل الیکشن کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں راہول گاندھی کی عدم شرکت کے باعث کھمم ، کریم نگر اور حیدرآباد کے لئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت نہیں دی جاسکی۔ بتایا جاتا ہے کہ تینوں حلقہ جات کے امیدواروں کے ناموں پر اجلاس میں اتفاق رائے ہوچکا ہے لیکن راہول گاندھی کی منظوری ضروری ہے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی ، کے سی وینو گوپال بہت جلد راہول گاندھی سے مشاورت کے بعد امیدواروں کی فہرست جاری کردیں گے ۔ کھمم نشست کیلئے تین ریاستی وزراء نے اپنے رشتہ داروں کے نام پیش کئے ہیں۔ حیدرآباد نشست کے لئے صدر ضلع کانگریس سمیر ولی اللہ کے نام پر اتفاق رائے ہوچکا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد کیلئے بعض دیگر ناموں کا بھی جائزہ لیا گیا لیکن چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سمیر ولی اللہ کے نام کی سفارش کی ۔ کریم نگر لوک سبھا حلقہ کیلئے پراوین ریڈی اور راجیندر راؤ کے ناموں پر غور کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس سے تعلق رکھنے والے ایک سابق وزیر کانگریس میں شمولیت کیلئے تیار ہیں۔ اس سلسلہ میں مذاکرات جاری ہیں اور سابق وزیر کے کانگریس میں شامل ہونے پر انہیں کریم نگر سے امیدوار بنایا جائے گا۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق کانگریس نے 14 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی کا نشانہ مقرر کیا ہے ، لہذا کامیابی کی اہلیت رکھنے والے امیدواروں کو ٹکٹ دیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی کی 6 اپریل کو تکو گوڑہ میں جلسہ عام میں شرکت کیلئے آمد کے موقع پر تینوں حلقہ جات کے امیدواروں کا اعلان ہوسکتا ہے۔1