نئی دہلی : کانگریس لیڈر راہول گاندھی سمجھا جاتا ہے کہ ایک اور بیرونی سفر کے لئے روانہ ہوچکے ہیں جو یورپ کو اُن کا شخصی دورہ ہے۔ توقع ہے وہ اتوار کو واپس ہوجائیں گے جس کے بعد صدارتی انتخابات اور پارلیمنٹ کا مانسون سیشن مقرر ہے۔ اُن کے وقفہ وقفہ سے بیرونی دورے جو بعض اوقات اہم سیاسی موقعوں پر ہوئے ہیں، اُن کے نتیجہ میں کئی سوالات اُٹھائے گئے ہیں کہ راہول گاندھی قائدانہ رول سنبھالنے کے بارے میں کس حد تک سنجیدہ ہیں۔ کانگریس گزشتہ چند برسوں میں سلسلہ وار انتخابی نقصانات برداشت کرچکی ہے۔ یہ دورہ ایسے وقت ہورہا ہے جبکہ پارٹی گوا میں انحراف کو بمشکل روک پائی ہے۔ کانگریس کی طرف سے فوری کوئی تبصرہ نہیں آیا ہے۔ جمعرات کو پارٹی کی اہم میٹنگ مقرر ہے جس میں خود پارٹی کے صدارتی انتخابات کے بارے میں غور ہوگا۔ راہول اِس میٹنگ سے غیر حاضر رہیں گے۔