نئی دہلی : کانگریس کے قومی صدر کے انتخاب کا عمل 22 ستمبر سے شروع ہوگا۔ پارٹی کا اگلا صدر کون ہوگا اس تناظر میں کئی دنوں سے تجسس برقرار ہے۔ کانگریس کی کئی ریاستی یونٹس نے ایک قرارداد منظور کر کے راہول کو پارٹی صدر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاہم راہول گاندھی کے کانگریس صدر کا انتخاب نہ لڑنے کی تصویر واضح ہوتی جارہی ہے۔کانگریس ذرائع کے مطابق راہول گاندھی بھارت جوڑو یاترا کے درمیان سے واپس نہیں آئیں گے۔ اس وقت یہ یاترا کیرالا میں ہے۔یہ یاترا 29 تاریخ کو کرناٹک میں داخل ہوگی۔ کانگریس کی یہ یاترا 150 دنوں میں مکمل ہوگی۔کانگریس صدر کیلئے نامزدگی کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے۔ نامزدگی کیلئے امیدوار کا شخصی طور پر موجود ہونا ضروری ہے۔ ایسے میں یہ واضح ہے کہ تمام ریاستی کمیٹیوں کی تجویز کے باوجود راہول گاندھی صدر کے عہدے کیلئے نامزدگی داخل نہیں کریں گے۔
حکومت بنی تو گجرات میں پرانی پنشن بحال ہوگی:راہول
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ اگر ان کی پارٹی گجرات میں حکومت بناتی ہے تو وہاں پرانی پنشن بحال کر دی جائے گی۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ان کی پارٹی نے چھتیس گڑھ اور راجستھان میں پرانی پنشن بحال کر دی ہے اور اب اگر وہ گجرات اسمبلی انتخابات میں اکثریت حاصل کرتے ہیں اور وہاں کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو ملازمین کی پرانی پنشن بحال ہو جائے گی۔ راہول گاندھی نے ٹویٹ کیاکہ ’’ملک کو مضبوط کرنے والے سرکاری ملازمین کا یہ حق ہے ۔ پرانی پنشن ہم نے راجستھان، چھتیس گڑھ میں بحال کی۔ اب گجرات میں بھی کانگریس کی حکومت آئے گی، پرانی پنشن لائے گی۔