راہول گاندھی میں وزیراعظم بننے کی صلاحیت موجود: نارائن ریڈی

   

بی جے پی کو انتخابات کے وقت رام مندر کی یاد، بھدرا چلم کی مندر کے لیے مرکز سے کوئی امداد نہیں
حیدرآباد۔10 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کے خازن جی نارائن ریڈی نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی میں وزیراعظم بننے کی تمام تر صلاحیتیں موجود ہیں اور وہ ایسے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جس نے ملک کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے نارائن ریڈی نے بی جے پی کی جانب سے راہول گاندھی کی اہلیت پر سوال کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی سے لے کر ترقی تک گاندھی خاندان نے جو خدمات انجام دی ہیں اسے فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ پنڈت جواہر لال نہرو کے اجداد نے جدوجہد آزادی میں اپنا سب کچھ نچھاور کردیا۔ جدید ہندوستان کے معمار کی حیثیت سے پنڈت جواہر لال نہرو ملک میں کئی پراجیکٹس کے آغاز میں اہم رول ادا کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی اندرا گاندھی اور آنجہانی راجیو گاندھی نے اپنے دور میں ہندوستان کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچایا جس خاندان کا ملک کی ترقی اور سیاست سے تعلق ہے اس کے اہم سپوت راہول گاندھی کس طرح ناتجربہ کار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی میں تمام تر خوبیاں موجود ہیں اور ملک کے عوام انہیں وزیراعظم کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ نارائن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ انتخابات کے وقت بی جے پی کو رام مندر کی یاد آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام کا مندر تلنگانہ کے بھدراچلم میں موجود ہے لیکن بی جے پی کو ایودھیا کے رام چاہئے۔ رام کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والوں نے آج تک بھدرا چلم کے رام مندر کے درشن نہیں کیئے اور نہ آشیرواد حاصل کیا۔ مرکز کی جانب سے بھدرا چلم کی مندر کی ترقی کے لیے کوئی فنڈس تک جاری نہیں کیئے گئے۔ لہٰذا ایسے نام نہاد رام بھکتوں پر عوام بھروسہ کرنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پر تنقید سے قبل بی جے پی کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئے۔ نریندر مودی نے عوام سے جو وعدے کیے تھے ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔ غریبوں کے اکائونٹ میں 15 لاکھ روپئے آج تک جمع نہیں ہوئے۔ 2 کروڑ روزگار کی فراہمی محض کاغذ پر ہے۔ ہندوستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکام رافیل اسکام ہے جو 60 ہزار کروڑ کا ہے۔ غریبوں کی بدولت برسر اقتدار آنے والوں نے سرکاری خزانے کو دولتمندوں کے حوالے کردیا۔ نارائن ریڈی نے بی جے پی سے مطالبہ کیا کہ وہ لوک سبھا الیکشن کے باقی دو مرحلوں میں نریندر مودی کے کارناموں پر ووٹ مانگیں۔ انہوں نے کہاکہ مودی اور ان کے ساتھی جھوٹ کا سہارا لے کر کانگریس قائدین کو نشانہ بنارہے ہیں لیکن عوام باشعور ہیں اور وہ بی جے پی کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی ہٹائو دیش بچائو کے نعرے کے ساتھ عوام بی جے پی کو بے دخل کردیں گے۔