نئی دہلی، 25 جنوری (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے ایک بار پھر قومی راجدھانی دہلی میں فضائی آلودگی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے منفی اثرات بچوں اور بزرگوں پر پڑ رہے ہیں اور یومیہ مزدوروں کی زندگی شدید طور پر متاثر ہو رہی ہے ۔راہول گاندھی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ فضائی آلودگی کی ہم بڑی قیمت ادا کر رہے ہیں – اس کے منفی اثرات ہماری صحت اور ہماری معیشت دونوں پر پڑ رہے ہیں۔ کروڑوں عام ہندوستانی ہر روز اس دباؤ کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے کا سب سے زیادہ نقصان بزرگوں اور بچوں پر پڑ رہا ہے اور یہ خاص طور پر تعمیراتی مزدوروں اور یومیہ مزدوروں کے روزگار کو بری طرح متاثر کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بحران کو اگلی سردیوں تک بھلایا نہیں جا سکتا اور تبدیلی کی سمت پہلا قدم اپنی آواز بلند کرنا ہے ۔راہول گاندھی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس بحران کے باعث پیش آنے والی اپنی مشکلات کے اپنے تجربات شیئر کریں۔