راہول گاندھی نے تلنگانہ میں مردم شماری کی پیشرفت کی ستائش کی

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مکتوب، غیر منظم ورکرس کیلئے جامع قانون سازی کا مشورہ
حیدرآباد21 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے تلنگانہ میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کی ستائش کی ۔ سوشیل میڈیا پر ردعمل میں راہول گاندھی نے کہا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کے ذریعہ ملک کیلئے مثال قائم کی ہے اور قومی سطح پر مردم شماری کا کانگریس مطالبہ کر رہی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ تلنگانہ میں ہماری حکومت نے مردم شماری کا 70 فیصد عمل مکمل کرلیا ہے۔ حکومت مردم شماری کی تفصیلات کی بنیاد پر سماجی انصاف کی فراہمی کیلئے پالیسی اور پروگرام مرتب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ذات پات پر مبنی مردم شماری سے آئندہ کئی دہوں تک پسماندہ طبقات کو ترقی اور فلاح و بہبود میں یکساں مواقع فراہم ہوں گے ۔ یہی وجہ ہے کہ میں ملک گیر سطح پر ذات پات پر مبنی جامع سروے کی وکالت کر رہا ہوں۔ راہول گاندھی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مکتوب روانہ کرکے اپنے حالیہ دورہ حیدرآباد کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سماجی ، معاشی اور تعلیمی پسماندگی کے علاوہ روزگار اور سیاست میں پسماندہ طبقات کی حصہ داری کے سلسلہ میں مردم شماری کے طریقہ کار سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل ثابت ہوگا اور قومی سطح پر پسماندہ طبقات کو سماجی انصاف کی راہ ہموار ہوگی۔ راہول گاندھی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مشورہ دیا کہ غیر منظم ورکرس کی فلاح و بہبود کیلئے جامع پالیسی تیار کرے۔ انہوں نے حکومت سے غیر منظم ورکرس کی بھلائی کیلئے قانون سازی کی مساعی کو سراہا۔ ریونت ریڈی کے نام مکتوب کی نقل انہوںنے سوشیل میڈیا میں وائرل کی۔ انہوں نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ ریاستی سطح پر عوامی رائے حاصل کرکے غیر منظم ورکرس کیلئے جامع قانون سازی تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیر منظم شعبہ کی بھلائی پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے مسودہ قانون کی تیاری کے سلسلہ میں مساعی کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں غیر منظم شعبہ کی بھلائی کا انتخابی منشور میں وعدہ کیا گیا ہے تاکہ ہر ورکر کو سماجی تحفظ فراہم کیا جائے۔ 1