راہول گاندھی نے حیدرآباد میں غریبوں میں اناج تقسیم کی ستائش کی

,

   

صدر اقلیتی ڈپارٹمنٹ کو فون کال، روزانہ رپورٹ روانہ کرنے کی خواہش
حیدرآباد۔/4اپریل، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قائد راہول گاندھی نے حیدرآباد میں لاک ڈاؤن کے دوران غریب خاندانوں کی مدد کرنے پر گریٹر حیدرآباد میناریٹی ڈپارٹمنٹ کی ستائش کی ہے اور آج اپنے سکریٹری کے ذریعہ ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین سمیر ولی اللہ کو فون پر مبارکباد پیش کی اور خدمات کو سراہا۔ راہول گاندھی کے دفتر سے فون کرتے ہوئے ان کے سکریٹری نے لاک ڈاؤن کے آغاز سے لے کر کاروان اسمبلی حلقہ کے غریب خاندانوں میں امداد کی تقسیم سے متعلق رپورٹ ملنے کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس رپورٹ سے راہول گاندھی کافی خوش ہیں اور انہوں نے یہ کام جاری رکھنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ غریب خاندان لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں فاقہ کشی کا شکار نہ ہوں۔ راہول گاندھی کے دفتر نے خواہش کی کہ روزانہ کی تقسیم سے متعلق سرگرمیوں کی رپورٹ روانہ کی جائے۔ اسی دوران آل انڈیا کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین ندیم جاوید نے سمیر ولی اللہ کو فون کرتے ہوئے راہول گاندھی کی جانب سے کی گئی ستائش کا ذکر کیا۔ ندیم جاوید نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس قائدین کی جانب سے یوں تو کئی اضلاع میں غریبوں کیلئے تقسیم کا کام جاری ہے لیکن حیدرآباد کے کاروان اسمبلی حلقہ میں جس منظم انداز میں کام کیا جارہا ہے اس سے راہول گاندھی کافی متاثر ہوئے۔ 22 مارچ سے حکیم پیٹ، ٹولی چوکی، گولکنڈہ اور اطراف و اکناف کے سلم اور غریب بستیوں میں گھروں اور غیر منظم شعبہ کے ورکرس میں کھانا اور اناج کی تقسیم جاری ہے۔ روزانہ تقریباً 5000 خاندانوں کو اس تقسیم سے فائدہ ہورہا ہے۔ غذا کی تیاری میں معیار اور صفائی کا مکمل خیال رکھتے ہوئے پیاکنگ کی جارہی ہے۔ ہر دن 3200 فوڈ پیاکٹس، 250 راشن کٹس اور 900 ترکاری کے کٹس تقسیم کئے جارہے ہیں۔ اناج میں 10 کیلو چاول کے علاوہ دال، مرچ، نمک، تیل، ہلدی، شکر، ادرک لہسن اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔ واضح رہے کہ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے تقسیم کا معائنہ کرتے ہوئے ستائش کی تھی۔ انہوں نے اپنی رپورٹ ہائی کمان کو روانہ کردی۔