بنگلورو: کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا جاری ہے اور پارٹی کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی اس یاترا کی قیادت کر رہے ہیں۔ بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہول کے کئی ویڈیوز وائرل ہوئے۔ کبھی بارش میں بھیگنا اور کبھی سڑک پر پش اپ کرنا۔ اسی دوران راہول کا ایک اور ویڈیو وائرل ہو رہا ہے، جس میں راہول پانی کی ٹینک پر چڑھ کر ترنگا لہراتے نظر آرہے ہیں۔راہول کرناٹک کے چتردرگ پہنچے اور اپنے دورہ کے دوران پانی کی ٹینک دیکھی۔ راہول کانگریس لیڈروں کے ساتھ پانی کی ٹینک پر چڑھ گئے۔ راہول نے کانگریس لیڈروں کے ساتھ مل کر پانی کی ٹینک پر ترنگا لہرایا۔ کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار بھی راہول کے ساتھ تھے۔ کانگریس کارکنوں نے کانگریس اور راہول کی حمایت میں نعرے بھی لگائے۔اسی وقت راہول نے چتردرگ کے مولاکالمورو میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس دوران بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بی جے پی اور آر ایس ایس کو ملک کو تقسیم کرنے اور نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس ملک کو مذہب کے نام پر ٹکڑوں میں تقسیم کرنا ملکی مفاد کے خلاف ہے۔ اس سے ملک مضبوط نہیں بلکہ کمزورترین ہوجائے گا۔