سونی پت ( ہریانہ ): کانگریس کے سینئر لیڈر راہول گاندھی نے ہفتہ کی صبح ہریانہ کے سونی پت کے گوہانہ سب ڈویژن گاؤں کے کھیتوں میں کام کرنے والے کسانوں کے ساتھ دھان کی روپائی کرتے ہوئے ان کے کھیتی سے متعلق مسائل پر بات چیت کی۔تفصیلات کے مطابق آج دہلی سے شملہ جاتے ہوئے راہول گاندھی نے گوہانہ سب ڈویژن کے مدینہ اور بڑودہ گاؤں میں کسانوں کے ساتھ دھان کی روپائی کی اور انہوں نے ٹریکٹر چلا کر کسانوں سے کاشتکاری کے مسائل اور ان کے حل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔موصولہ اطلاع کے مطابق، صبح تقریباً سات بجے راہول گاندھی اچانک گاؤں میں کسانوں کے درمیان پہنچے۔ان سے زراعت کے مسائل اور ان کے حل پر بات چیت کی اور دیگر مسائل پر تفصیلات حاصل کیں۔اس کے بعد گاندھی شملہ روانہ ہو گئے۔ گاؤں والے راہول گاندھی کو کام کرتے اور اپنے درمیان بات کرتے دیکھ کر کافی پرجوش نظر آئے۔