نئی دہلی ۔ 20 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے پارٹی کے اعلیٰ وقفہ کیلئے انتخابات اور قیادت کے مسئلہ پر بعض گوشوں میں تشویش و فکرمندی کو دور کرنے کی کوشش میں آج کہا کہ راہول گاندھی اپنی ماں اور موجودہ صدر پارٹی سونیا گاندھی کے واضح جانشین ہوں گے ۔ کانگریس ذرائع نے کہا کہ اس عہدہ کیلئے دوڑ میں راہول واحد دعویدار ہیں کیونکہ پارٹی کی تمام صفیں چاہتی ہیں کہ وہی قیادت کریں۔ ایک سینئر کانگریس لیڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ راہول کو ملک بھر میں قبول کیا جاتا ہے اور وہ پارٹی کی قیادت کرنے کی قابلیت بھی رکھتے ہیں ۔ ایسی قیاس آرائی ہورہی ہے کہ راہول کو اپریل میں کسی وقت کانگریس کے مجوزہ کھلے سیشن میں دوبارہ اعلیٰ عہدہ پر ترقی دی جاسکتی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ یہ سیشن پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے بعد ہوسکتا ہے اور پارٹی کا بڑا گوشہ راہول کو دوبارہ صدر پارٹی دیکھنے کا خواہاں ہے۔
