راہول گاندھی پسماندہ طبقات کی آواز، کانگریس بی سی تحفظات کیلئے سنجیدہ

   

اسمبلی میں بی سی تحفظات پر بحث، ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو کا ردعمل
حیدرآباد ۔26 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں بی سی تحفظات کے مسئلہ پر بحث کے دوران ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس معاملہ پر پوری سنجیدگی سے جدوجہد کر رہی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی وہ لیڈر ہیں جو ہمیشہ پسماندہ طبقات کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں اور ہمیشہ ان کی ترقی اور بہبود کے لئے آواز اٹھاتے رہتے ہیں۔ ڈی سریدھر بابو نے اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی کہ اگر وہ واقع بی سی تحفظات کیلئے لڑنا چاہتے ہیں تو کانگریس کا ساتھ دیں۔ انہوں نے بی آر ایس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب کانگریس دہلی میں بی سی تحفظات کے مسئلہ پر جدوجہد کر رہی تھی تو بی آر ایس نے ساتھ نہیں دیا کیونکہ وہ بی جے پی سے خوفزدہ تھیں۔ ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کے مطابق ڈیڈیکیشن کمیٹی تشکیل دی گئی اور اس مسئلہ کے حل کیلئے سنجیدہ کوشش کی گئی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ راہول گاندھی نے اپنے دورہ حیدرآباد کے دوران بھی بی سی تحفظات کے لئے لڑنے کا وعدہ کیا تھا اور کانگریس اس وعدہ پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کے اتحادی ارکان نے بھی صدر جمہوریہ سے ملاقات کر کے اس مسئلہ کو اٹھایا ہے ۔ تا ہم کانگریس کی جدوجہد اور عزم پر شک کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ۔ ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ بی سی تحفظات کے حصول کے لئے کانگریس کی لڑائی جاری رہے گی اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔2