راہول گاندھی کا آج بہار کا دورہ

   

پلاین روکو، نوکری دو یاترا سمیت دیگرپروگراموں میں شرکت

پٹنہ: بہار میں اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی ماحول کافی گرم ہو چکا ہے۔ ایک طرف این ڈی اے اتحاد نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے تو دوسری جانب مہاگٹھ بندھن بھی کئی مسائل پر آواز اٹھاتے ہوئے الیکشسن کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ اسی سیاسی گہما گہمی کے درمیان پیر کو کانگریس لیڈر اور رکن پارلیمان راہول گاندھی بہار کے ایک روزہ دورے پر آ رہے ہیں۔راہول گاندھی کے بہار آنے سے قبل کانگریس کے بہار انچارج کرشنا الاورْو نے دہلی میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کو راہول گاندھی کی آمد سے قبل ایک اہم پیش رفت مانا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ یہ ملاقات دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں ہوئی، جہاں لالو یادو کا علاج جاری ہے۔ ملاقات کے دوران کرشنا الاورْو نے لالو یادو کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرشنا الاورْو نے بتایا کہ پیر کو راہول گاندھی بہار آئیں گے اور تین اہم پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ ان کا پہلا پروگرام بیگوسرائے میں ہوگا جہاں وہ ‘پلاین روکو، نوکری دو’ یاترا میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد وہ پٹنہ پہنچیں گے جہاں وہ ایک آئینی کانفرنس میں شامل ہوں گے۔ دن کے اختتام پر وہ کانگریس کی ایک اہم میٹنگ میں حصہ لیں گے جہاں تنظیمی امور اور انتخابی حکمت عملی پر گفتگو متوقع ہے۔لالو یادو کے ساتھ کرشنا الاورْو کی یہ پہلی ملاقات تھی، کیونکہ انہوں نے حال ہی میں بہار کانگریس کے انچارج کا عہدہ سنبھالا ہے۔
ملاقات کے دوران لالو یادو کی صحت بہتر بتائی گئی اور امید کی جا رہی ہے کہ وہ جلد ہی دہلی سے پٹنہ لوٹیں گے۔