لکھنو: اترپردیش کانگریس نے آج اعلان کیا ہے کہ پارٹی ایم پی اور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی ریاست کے پانچ دیگر کانگریس ایم پیز کے ہمراہ چہارشنبہ 4 ڈسمبر کو سنبھل کا دورہ کریں گے ۔ یو پی کا علاقہ سنبھل 19 نومبر سے سرخیوں میں ہے کیونکہ وہاں مغل دور کی شاہی جامع مسجد کا عدالتی احکام پر سروے کرایا گیا جس کے بعد یہ دعویٰ کیا گیا کہ وہاں کبھی ہری ہر مندر ہوا کرتی تھی۔ اس موقع پر تشدد پھوٹ پڑا اور کم از کم 5 افراد مارے گئے ۔ راہول کے ہمراہ نو منتخب وائناڈ ایم پی پرینکا گاندھی بھی کانگریس وفد میں شامل ہونے کی توقع ہے ۔ تاہم ضلع نظم و نسق نے نئے قوانین بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا کے سیکشن 163 کے تحت پابندیاں نافذ کر رکھی ہے جس کے تحت 31 ڈسمبر تک سنبھل میں باہر والوں کا داخلہ منع ہے۔