نئی دہلی : کانگریس لیڈر راہول گاندھی کل یعنی پیر کو دو دن کے لیے سری نگر پہنچیں گے۔ جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعدراہول گاندھی کا یہ پہلا دورہ سری نگرہے۔ تاہم اس سے قبل اگست 2019 میں ، 370 کو منسوخ کرنے کے دو ہفتوں بعد راہول گاندھی اپوزیشن کے وفد کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سری نگر پہنچے تھے ، لیکن پھر انتظامیہ نے ائیرپورٹ سے ہی تمام اپوزیشن رہنماؤں کو واپس کر دیا تھا۔پیر کی شام دیرگئے راہول گاندھی جموں وکشمیرکانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر کے دامادکے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔ منگل کو راہول گاندھی دارالحکومت سری نگر میں جموں و کشمیر کانگریس کے نئے دفتر کا افتتاح کریں گے۔
راہول گاندھی سب سے پہلے منگل کی صبح 9 بجے کھیر بھوانی مندر جائیں گے۔ کھیر بھوانی مندر سری نگر سے ایک گھنٹہ کے فاصلے پر گاندربل میں واقع ہے۔اس کے بعد راہول گاندھی سری نگر میں حضرت مسجد جائیں گے۔ دونوں بڑے مذہبی مقامات ہیں۔ اس بات کا امکان ہے کہ راہول گاندھی گوردوارہ چھٹی پادشاہی اور سینٹ شیخ حمزہ مخدوم کی قبر پر بھی جا سکتے ہیں۔