راہول گاندھی کا اشوک وہار کی اجڑی بستیوں کا دورہ

   

نئی دہلی۔27؍ جولائی ( ایجنسیز) دہلی کے اشوک وہار میں بلڈوزر کارروائی کے بعد حال ہی میں کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے جیل والا باغ اور وزیر پور کی اجڑی بستیوں کا دورہ کیا تھا۔ راہول گاندھی نے آج سوشل میڈیا پر اس دورے کی ویڈیو جاری کی جس میں متعدد متاثرین اپنے آنسوؤں کے ساتھ اپنی فریاد راہول گاندھی تک پہنچاتے نظر آتے ہیں۔اس ویڈیو کا عنوان ’غریبوں پر چلا بلڈوزر! یہ کیسا وکاس؟‘ ہے تھا جبکہ ویڈیو کے کیپشن میں راہول گاندھی لکھتے ہیں کہ سوچیے، اگر آپ کے اپنے ماں باپ، بچے یا بھائی بہن کے سر سے اچانک چھت چھین لی جائے، تو آپ کو کیسا لگے گا؟ دہلی کی جھگیوں میں رہنے والے سینکڑوں غریب خاندان آج اسی درد سے گزر رہے ہیں۔راہول گاندھی کے مطابق یہ انہدامی کارروائی صرف گھروں کو گرانے تک محدود نہیں بلکہ غریبوں کے خواب، ان کی عزت نفس اور جینے کا سہارا بھی چھینا گیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی حکومت کی بے حسی اور طاقت کے نشے کی عکاسی کرتی ہے۔تقریباً سات منٹ کی ویڈیو میں متاثرین اپنے ٹوٹے گھروں کے سامنے کھڑے ہو کر راہول گاندھی سے اپنی روداد سنا رہے ہیں۔ ایک خاتون نے کہا کہ ہمارے پاس کورٹ کا اسٹے آرڈر تھا، پھر بھی ہمارا گھر توڑ دیا گیا۔ ایک اور شخص نے شکوہ کیا کہ مودی جی نے کہا تھا جہاں جھگی، وہیں مکان لیکن ہمیں تو کچھ نہیں ملا۔ویڈیو میں راہول گاندھی نے متاثرہ افراد سے بات کرتے ہوئے بچوں کی تعلیم، بجلی اور پانی کی سہولیات اور قانونی مدد کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ متاثری کو وکیل مہیا کرنے کی کوشش کریں گے اور ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔