راہول گاندھی کا امیت شاہ سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ

   

نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ فون ٹیاپنگ کرنا ایک ہتھیار ہے اور مودی سرکار نے یہ ہتھیار اپوزیشن اورپارلیمانی اداروں کے خلاف استعمال کیا ہے ۔ یہ کام وزیر داخلہ امیت شاہ کے بغیر نہیں ہوسکتا لہذا انھیں چاہئے کہ وہ مستعفی ہوجائیں۔گاندھی نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں کو بتایا کہ ان کا فون بھی ٹیپ ہوا ہے ۔ اسی طرح بہت سے دوسرے لوگوں کے فون ٹیپ کئے گئے ہیں ، اس معاملے میں عدالتی تحقیقات ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی سفارش کے بغیر فون ٹیاپنگ کا کام ممکن نہیں ہے ، لہذا وزیر داخلہ کو پہلے اس معاملے میں استعفی دینا چاہئے اور سپریم کورٹ کے جج کی نگرانی میں وزیر اعظم کے رول کی بھی غیر جاندارانہ جانچ ہونی چاہئے ۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ اس طرح کے کام کو اسرائیل میں ‘ہتھیار’ کہا جاتا ہے اور مودی حکومت نے اس ہتھیار کو آئینی اداروں ، حزب اختلاف کے رہنماؤں اور سلامتی سے متعلق ممتاز لوگوں کے خلاف استعمال کیا ہے ، لہذا اس کی تحقیقات کی ضرورت ہے ۔