راہول گاندھی کا آج ایک روزہ دورہ حیدرآباد

,

   

شام 4 بجے کلاسک کنونشن میں پارٹی اجلاس میں شرکت
حیدرآباد۔ 08 مارچ (سیاست نیوز) صدر کانگریس راہول گاندھی کے ایک روزہ دورۂ حیدرآباد کے پروگرام کو قطعیت دے دی گئی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے مطابق راہول گاندھی شام 4:15 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچیں گے اور سڑک کے راستے کلاسک کنونشن سنٹر شمس آباد روانہ ہوں گے۔ جہاں 4:30 بجے تا 6:00 بجے شام کانگریس کارکنوں کا اجلاس ہوگا۔ شام 6:00 بجے راہول گاندھی سڑک کے راستے ایرپورٹ واپس ہوں گے اور خصوصی طیارے سے نئی دہلی واپس ہوجائیں گے۔ حیدرآباد میں ان کا قیام دو گھنٹے رہے گا۔ کلاسک کنونشن سنٹر میں پارٹی کے بوتھ اور بلاک سطح کے قائدین اور کارکنوں کو مدعو کیا گیا ہے جن کی تعداد تقریباً 30 تا 35 ہزار بتائی جارہی ہے۔ چیوڑلہ لوک سبھا حلقے کے تحت راہول گاندھی کا تلنگانہ میں یہ پہلا اجلاس ہے جس میں وہ اقل ترین آمدنی ضمانت اسکیم کی تفصیلات جاری کریں گے۔ مرکز میں کانگریس کے برسر اقتدار آنے پر یہ اسکیم روبہ عمل لائی جائے گی۔