میں ایسے گھرانے میں پلا بڑھا جہاں خواتین ہی اصل سربراہ تھیں
نئی دہلی۔8مارچ ( ایجنسیز ) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وہ ایسے خاندان میں پروان چڑھے جہاں خواتین ہی اصل سربراہ تھیں اور گھریلو فیصلوں میں ان کا کردار سب سے نمایاں تھا۔ انہوں نے یہ بات کیرالا میں طالبات کے ساتھ ایک نشست کے دوران کہی جس کی ویڈیو انہوں نے اتوار کے روز اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کی۔راہول گاندھی نے اپنے پیغام میں بتایا کہ چند روز قبل انہیں کیرالا میں کچھ طالبات کے ساتھ دوپہر کے کھانے کے دوران گفتگو کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں طالبات کے خواب، تجسس اور اعتماد نے انہیں بے حد متاثر کیا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ہر عورت منفرد ہوتی ہے اور اس کی حساسیت، سمجھ بوجھ اور جذباتی ذہانت معاشرے کو توازن اور سمت فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اپنے انداز میں طاقت استعمال کرتی ہیں جو صبر، دور اندیشی اور ہمدردی پر مبنی ہوتی ہے۔ ان کے مطابق یہ طرز عمل زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے کیونکہ خواتین طویل مدت کے بارے میں سوچتی ہیں اور طاقت کے براہ راست استعمال کے بجائے بالواسطہ اثر انداز ہونے کا طریقہ اپناتی ہیں۔راہول گاندھی نے یہ بھی کہا کہ عمومی طور پر خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ ذہین ہوتی ہیں کیونکہ مرد جلد بازی میں فیصلے کرتے ہیں اور کبھی کبھی غیر ضروری چیزوں سے متاثر ہو جاتے ہیں جبکہ خواتین زیادہ گہرائی اور دور رس نتائج کو مدنظر رکھ کر سوچتی ہیں۔راہول گاندھی نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کو یہ حق حاصل ہونا چاہیے کہ وہ اپنی شناخت، شخصیت اور امنگوں کے مطابق زندگی میں آگے بڑھیں، نہ کہ سماج کی محدود کرنے والی روایات کے تحت اپنی صلاحیتوں کو دبائیں۔ انہوں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تمام خواتین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قوت، حوصلہ اور خواب معاشرے کو مثبت سمت میں آگے بڑھانے کا ذریعہ بنتے رہیں۔