نئی دہلی، 13 دسمبر (یو این آئی) کانگریس قائدراہول گاندھی نے ہفتہ کے روز پارٹی کے درج فہرست ذات (ایس سی) شعبہ کے عہدیداروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ راہول گاندھی نے پارٹی ہیڈکوارٹر اندرا بھون میں کانگریس کے درج فہرست ذات شعبہ کی جانب سے منعقدہ اس میٹنگ میں شعبہ کی مشاورتی کونسل اور عاملہ کمیٹی کے اراکین سے خطاب کیا۔ میٹنگ میںگاندھی کے علاوہ پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سمیت کئی سرکردہ رہنما بھی موجود تھے ۔ اس میٹنگ کا انعقاد درج فہرست ذات شعبہ کے قومی صدر راجندر پال گوتم نے کیا۔ اجلاس میں اتوار کے روز یہاں منعقد ہونے والی پارٹی کی ‘ووٹ چور، گدی چھوڑ’ ریلی کی حکمت عملی پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔