حیدرآباد ۔3۔ اکتوبر (سیاست نیوز) لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے سینئر کانگریسی قائد وی ہنمنت راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ملک میں ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کے لئے کانگریس کی جدوجہد کا تیقن دیا۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے راہول گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بی سی طبقات سے انصاف کیلئے قومی سطح پر مردم شماری کی ضرورت ظاہر کی تھی۔ راہول گاندھی اپنی ملک گیر پد یاترا کے دوران ذات پات پر مبنی مردم شماری کی وکالت کرتے رہے۔ راہول گاندھی نے مکتوب میں کہا کہ مردم شماری کے بارے میں جو تجاویز پیش کی گئی ہیں، انہیں پیش نظر رکھا جائے گا۔ کانگریس پارٹی قومی سطح پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کے حق میں ہیں اور یو پی اے حکومت نے او بی سی طبقات کی ترقی کے لئے جو اقدامات کئے تھے، انہیں جاری رکھا جائے گا۔ ہنمنت راؤ نے راہول گاندھی کا مکتوب میڈیا کو جاری کرتے ہوئے ان سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے کہ پنڈت جواہر لال نہرو اور اندرا گاندھی تحفظات کے خلاف تھے ۔ انہوں نے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کے بیان کی مذمت کی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر ملک بھر میں مردم شماری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی ہدایت پر تلنگانہ میں بی سی مردم شماری کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اندرون تین ماہ مردم شماری مکمل کرنے کے بعد پنچایت راج اداروں کے انتخابات کرائے جائیں گے۔ 1