راہول گاندھی کا 8 ڈسمبر سے سہ ملکی دورہ

   

نئی دہلی: پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں مہم چلانے کے بعد کانگریس لیڈر راہول گاندھی 8 سے 15 دسمبر تک تین ممالک کا دورہ کرنے والے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی 8 سے 15 دسمبر تک انڈونیشیا، سنگاپور اور ملائیشیا کے دورے پر رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی اپنے دورے کے دوران ہندوستانی تارکین وطن سے بات چیت کریں گے اور یونیورسٹیوں کا بھی دورہ کریں گے۔اس سال راہول گاندھی نے ناروے، ہالینڈ، فرانس، امریکہ، برطانیہ، بلجیم سمیت کئی ممالک کا دورہ کیا اور ہندوستانی تارکین کے ساتھ بات چیت کے پروگراموں کا اہتمام کیا۔ انہوں نے متعدد یونیورسٹیوں میں طلباء کے ساتھ وسیع موضوعات پر بات چیت کے سیشنز بھی منعقد کئے۔ذرائع نے بتایا کہ انڈین اوورسیز کانگریس راہول گاندھی کے تمام پروگراموں کا انتظام کرے گی۔ راہول گاندھی نے پانچ ریاستوں میزورم، راجستھان، تلنگانہ، چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں بڑے پیمانے پر انتخابی مہم چلائی ہے۔ وہ پانچ ریاستوں میں اپنے مصروف انتخابی مہم کے شیڈول کے دوران اس ماہ کیدارناتھ مندر بھی گئے تھے۔