امیٹھی: 08 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس صدر راہل گاندھی جنہوں نے اپنی عہدے سے استعفی دے دیا ہے دس جولائی کو اپنے سابقہ پارلیمانی حلقے امیٹھی کا دورہ کریں گے ۔ مسٹر راہل کا لوک سبھا انتخابات میں امیٹھی سے بی جے پی لیڈر و مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی سے شکست کے بعد ان کا پہلا دورہ ہوگا۔ کانگریس ایم ایل سی دیپک سنگھ نے پیر کو بتایا کہ امیٹھی سے چار بار کے رکن پارلیمان مسٹر گاندھی امٹھی 10 جولائی کی صبح کو پہنچیں گے اور ایک دو مقامات پر پارٹی کارکنوں کے ساتھ میٹنگ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اپنے ایک روزہ دورے کے دوران مسٹر گاندھی عوامی میٹنگ سے خطاب بھی کرسکتے ہیں۔ ملحوظ رہے کہ مسٹر گاندھی نے اس بار دو لوک سبھا حلقوں سے انتخاب میں حصہ لیا تھا۔ انہیں امیٹھی پارلیمانی حلقے سے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کے ہاتھوں شکست کا سامان کرنا پڑا جبکہ اس وقت وہ کیرالہ کے وائناڈ سے رکن پارلیمان ہیں۔انتخابات میں پارٹی کی شکست کا ذمہ لیتے ہوئے انہوں نے پارٹی کے صدارتی عہدے سے استعفی دے دیا ہے ۔