گوہاٹی۔16؍اکتوبر( ایجنسیز ) گوہاٹی ہائیکورٹ نے کانگریس قائد راہول گاندھی کو ایک پرانے ہتک عزت کے مقدمہ میں بڑی راحت دی اور ماتحت عدالت کے اس حکم کو کالعدم قرار دیا ہے جس میں اضافی گواہان کو پیش کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ یہ فیصلہ جسٹس ارون دیو چودھری کی سنگل بنچ نے سنایا۔ اس سے راہول گاندھی کے خلاف جاری نو سال پرانے مقدمہ میں ایک نیا موڑ آیا ہے۔یہ ہتک عزت کا مقدمہ ایک آر ایس ایس کارکن، انجان کمار بورا نے دائر کیا تھا۔ یہ مقدمہ 2015 کے ایک واقعہ سے متعلق ہے جہاں راہول گاندھی نے آر ایس ایس پر بارپیٹا سترا میں داخلہ سے روکنے کا الزام لگایا تھا۔ جسٹس چودھری نے کہا کہ اضافی گواہان کی درخواست مبہم تھی اور اس میں کوئی ٹھوس بنیاد نہیں تھی۔جسٹس چودھری نے اپنے حکم میں یہ بھی ہدایت دی کہ چونکہ راہول گاندھی ایک موجودہ رکن پارلیمنٹ ہیں اس لیے ٹرائل کورٹ مجسٹریٹ اس مقدمے کو تیزی سے نمٹانے کے اقدامات کرے۔ یہ مقدمہ 2016 سے زیر التوا ہے۔