راہول گاندھی کو اقتدار کا لالچ:بی جے پی

   

ٹیکہ اندازی کے سلسلہ میں کانگریس بھرم پھیلانے کی فیکٹری۔ آنے والے وقت میں ٹیکہ اندازی مہم میں مزید تیزی آئیگی : بھاٹیا

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاندھی کو اقتدار کی لالچ ہے اور نفرت کا موتیابِند ان کو حقیقت سے دور کر دیتا ہے ۔ بی جے پی کے ترجمان گورو بھاٹیا نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا،‘جہاں وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت ویکسین کے طور پر یقینی تحفظ دے رہی ہے وہیں دوسری جانب کانگریس اور دیگر کچھ اپوزیشن پارٹیاں ہین جو نہیں چاہتیں کہ ہندوستان کووڈ کو شکست دے ۔ کورونا اور ویکسین کے سلسلے میں کانگریس بھرم پھیلانے کی فیکٹری بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا،‘ٹیکہ اندازی کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ مرکزی حکومت نے جنگی پیمانے پر ٹیکہ اندازی کی مہم چلائی ہے ۔ ہندوستان میں 34 کروڑ افراد کی ٹیکہ کاری ہو چکی ہے ۔ یکم جولائی کو 41.60 لاکھ ویکسین لگی، 21 جون سے آج تک 11 دنوں میں تقریباً 6.85 کروڑ ویکسین لگائی گئی ہے اوسطاً یومیہ 62 لاکھ ویکسین لگ رہی ہے اور انھیں دیکھتے ہوئے مسٹر گاندھی کو تھوڑی اسٹڈی ضرور کرنی چاہیے ’۔ بھاٹیا نے کہا،‘آنے والے وقت میں ٹیکہ اندازی کی مہم میں مزید تیزی آئے گی۔ مرکزی حکومت کا یہ عزم ہے کہ دسمبر 2021 تک ہر شہری تک ٹیکہ پہنچے اور اس وقت تک ملک میں 216 کروڑ ٹیکہ پیدا ہوگا۔انہوں نے الزام عائد کیا،‘کانگریس کی اقتدار والی ریاستوں میں کورونا کے خلاف لڑائی کی آڑ میں بدعنوانی کی جا رہی ہے ۔ ایک اخبار کے مطابق کورونا کی دوسری لہر کے بعد راجستھان حکومت نے 20000 آکسیجن کنسنٹریٹر خریدے ۔ جس میں 1300 کنسنٹریٹر ہاسپٹلس میں لگانے کی حالت میں ہی نہیں تھے ’۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر گاندھی نے آج ٹویٹ کرکے مرکزی حکومت سے ویکسین کی بابت سوال کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ جولائی آ گئی لیکن ویکسین نہیں آئی۔