راہول گاندھی کو اپنا بنگلہ واپس مل گیا

   

نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کو منگل کو 12، تغلق لین میں اپنا پرانا سرکاری بنگلہ واپس مل گیا۔ پارلیمنٹ کی ہاؤزنگ کمیٹی نے راہول کو دوبارہ رکن پارلیمنٹ بنائے جانے کے ایک دن بعد یہ بنگلہ الاٹ کیا۔ راہول جب کانگریس ہیڈکوارٹر پہنچے تو ان سے بنگلہ واپس لینے کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اس پر راہول نے کہاکہ میرا گھر پورا ہندوستان ہے۔ راہول گاندھی 19 سال تک 12 تغلق لین میں رہے۔ مودی سرنیم کیس میں 2 سال کی سزا پانے کے بعد انہیں 22 اپریل 2023 کو یہ بنگلہ خالی کرنا پڑا تھا۔ راہول 12 اور 13 اگست کو اپنے پارلیمانی حلقہ وائناڈ کا دورہ کریں گے۔ایم پی کے طور پر بحال ہونے کے بعد یہ ان کا وائناڈ کا پہلا دورہ ہوگا۔ان کو 12، تغلق لین بنگلہ 2005 میں الاٹ کیا گیا تھا۔ راہول گاندھی 2004 میں پہلی بار امیٹھی سے ایم پی بنے تھے۔ تب تک وہ اپنی ماں کے ساتھ 10 ،جن پتھ کے بنگلے میں رہتے تھے۔ انہیں پہلی بار 2005 میں 12 تغلق لین میں ایک بنگلہ الاٹ کیا گیا تھا ۔
جب وہ ایم پی بنے تھے۔ یہ دہلی کے لوٹین زون میں واقع لگڑری بنگلے میں 5 بیڈروم، 1 ہال، 1 ڈائننگ روم، 1 اسٹڈی روم اور سرونٹ کوارٹر ہے۔اس سال 26 فروری کو راہول نے کانگریس کے 85ویں اجلاس میں کہا تھا کہ میرے پاس کوئی گھر نہیں ہے۔راہول 12 تغلق لین میں واقع سرکاری بنگلہ خالی کرنے کے بعد 10 جن پتھ میں اپنی ماں سونیا گاندھی کی رہائش گاہ پر شفٹ ہو گئے ہیں۔