راہول گاندھی کو اپنا نام الیکشن گاندھی رکھنے کا مشورہ : کویتا

   

بی آر ایس کا 10 سالہ اقتدار کانگریس کے 65 سالہ دور اقتدار پر حاوی ، عوام پوری طرح مطمئن
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے کانگریس قائد راہول گاندھی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا نام الیکشن گاندھی رکھ لیں کیوں کہ جب انتخابات آتے ہیں تب ہی راہول گاندھی تلنگانہ کو پہونچکر چار ووٹوں کی خاطر عوام سے چند وعدے کرتے ہیں پھر نظروں سے اوجھل ہوجاتے ہیں ۔ بودھن میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی عامر شکیل اور ان کی شریک حیات کے علاوہ پارٹی کے دوسرے قائدین بھی موجود تھے ۔ متحدہ ضلع نظام آباد میں بی آر ایس پارٹی بہت زیادہ طاقتور ہے ۔ وزیر اعظم اور راہول گاندھی ضلع نظام آباد کا دورہ کررہے ہیں ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے ۔ کویتا نے کہا کہ 65 سال تک ریاست میں اقتدار میں رہنے والی کانگریس پارٹی عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ 10 سال میں بی آر ایس حکومت نے وہ کارنامہ انجام دیا ہے جس کی کانگریس کے 65 سالہ حکومت میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ تلنگانہ کے عوام کو کانگریس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ بی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے سماج کے تمام طبقات مطمئن ہیں ۔ کانگریس کے دور حکومت میں زرعی شعبہ بحران کا شکار ہوگیا ۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات کو یکسر نظر انداز کردیا گیا تھا ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سبز انقلاب برپا ہوا ہے ۔ بڑے پیمانے پر آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے گئے ۔ تالابوں کا احیاء کیا گیا ۔ صرف اسمبلی حلقہ بودھن کے 53 ہزار کسانوں کو رعیتو بندھو اسکیم سے فائدہ پہونچایا جارہا ہے ۔ بی آر ایس کے انتخابی منشور سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہیں ۔ غریب عوام کو کے سی آر انشورنس اسکیم کا اعلان کیا گیا ۔ 96 لاکھ افراد کو اس سے فائدہ ہوگا ۔ خواتین کو ماہانہ 3000 روپئے بھتہ دیا جائے گا ۔ بی آر ایس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد رعیتو بندھو اسکیم کی امداد پہلے سال 12 ہزار روپئے کردی جائے گی ۔ آئندہ پانچ سال میں یہ بڑھ کر 16 ہزار تک پہونچ جائے گی ۔ مرکزی حکومت تقسیم ریاست کے وعدوں کو فراموش کرچکی ہے ۔ راہول گاندھی نے اس پر کوئی سوال نہیں کیا ۔ تلنگانہ میں ہندو مسلم اتحاد کی گنگا جمنی تہذیب فروغ پارہی ہے ۔ بی جے پی اس کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہی ہے ۔ مگر وہ اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی ۔۔ ن