نئی دہلی، 28 ستمبر (یو این آئی) کانگریس پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی جان کو خطرہ ہے اور بی جے پی کے ترجمان پرنٹو مہادیو نے راہول گاندھی کو جان سے مارنے کی بات کہی ہے ۔ وینوگوپال نے اتوار کو امیت شاہ کو خط لکھ کر اس بات کا ذکر کیا کہ کیرالہ کے ایک نجی چینل ڈبیٹ شو میں میں بی جے پی ترجمان پرنٹو مہادیو کے ذریعہ راہول گاندھی کو جان سے مارنے کی بات کہی گئی ہے ۔انہوں نے لکھاکہ ” امیت شاہ جی، میں آپ کی توجہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کو نیوز 18 کیرالہ پر ایک بحث کے دوران بی جے پی کے ترجمان پرنٹو مہادیو کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکی کی طرف مبذول کرانے کے لیے یہ خط لکھ رہا ہوں۔ انہوں نے لکھاکہ پرنٹو مہادیو نے کھلے عام اعلان کیا، ‘راہول گاندھی کے سینے میں گولی مار دی جائے گی۔’ یہ نہ تو زبان پھسلی ہے اور نہ ہی کوئی لاپرواہی مبالغہ آرائی ہے ، یہ قائد حزب اختلاف اور ہندوستان کے سرکردہ سیاسی رہنماؤں میں سے ایک کے خلاف جان بوجھ کر دی گئی دھمکی ہے ۔