بنگلورو 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کانگریس نے آج صدر پارٹی راہول گاندھی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اُنھیں ریاست کی کسی بھی لوک سبھا نشست سے مقابلہ کرنے کی دعوت دی۔ راہول گاندھی کو کلبرگی میں جلسہ عام سے قبل مکتوب حوالے کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس دنیش گنڈو راؤ نے کہاکہ اگر وہ کرناٹک سے بحیثیت امیدوار مقابلہ کریں تو اِس سے نہ صرف کرناٹک کانگریس کے کارکنوں بلکہ پورے جنوبی ہند کے کارکنوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہماری ریاست سے کانگریس پارٹی نے جب بھی وہ مشکلات کا شکار تھی اپنے صدر کو بحیثیت امیدوار کھڑا کیا ہے۔ ہندوستان کا موجودہ منظر بھی یہی ہے کہ ہماری پارٹی آئندہ انتخابات میں سب سے طاقتور پارٹی بن کر اُبھرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ این ڈی اے کی چمک دمک ماند پڑچکی ہے اور ہمارا اتحاد جنوبی ہند میں ایک طاقتور موقف میں ہے۔ کانگریس قبل ازیں بی جے پی اتحاد کو اشارہ دے چکی ہے کہ راہول گاندھی اپنے مستحکم گڑھ امیتھی اور سونیا گاندھی رائے بریلی سے لوک سبھا کے لئے انتخابی مقابلہ میں حصہ لیں گے۔