بودھن میں بوتھ کمیٹی کے اجلاس میں کویتا کی شرکت ،کانگریس اور بی جے پی پر بھروسہ نہ کرنے کی عوام سے اپیل
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر کی دختر بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے خلاف سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے اس کو ’ بلی سو چوہے کھاکر حج کو چلی ‘ کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ملک کو آزادی ملنے کے بعد راہول گاندھی کا خاندان ہی راج کیا ہے ۔ راہول گاندھی کے پڑ دادا ، دادی اور والد نے ملک پر حکمرانی کی ہے مگر ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ بھی کام نہیں کیا ۔ ریاست میں 10 سال تک حکومت کرنے والی کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کو پوری طرح نظر انداز کردیا ہے ۔ کانگریس وزارت میں بودھن سے نمائندگی کرنے والے سدرشن ریڈی نے ایک تالاب کو بھی درست نہیں کیا ۔ ضلع نظام آباد کے بودھن این ایس ایف میدان میں منعقدہ بی آر ایس بوتھ کمیٹی کے اجلاس میں رکن اسمبلی عامر شکیل کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور انتخابی بگل بجادیا ۔ کویتا نے بی آر ایس کو گھر کی جماعت قرار دیتے ہوئے کانگریس اور بی جے پی کی باتوں پر بھروسہ نہ کرنے کا عوام کو مشورہ دیا ۔ گلابی جھنڈے کے جذبے کو ایک مرتبہ پھر دکھانے کی بودھن کے عوام سے اپیل کی ۔ کویتا نے بی آر ایس حکومت کی 9 سالہ کارکردگی کو عوام کے سامنے پیش کرنے کی پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی ۔ تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے ہر ذات و طبقہ کے لیے عزت و نفس کی عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں ۔ بودھن کے 10 ہزار بیڑی ورکرس کو پنشن فراہم کرنے کا دعویٰ کیا ۔ ساتھ ہی بتایا کہ بودھن کے 152 تالابوں کا احیا کیا گیا ہے ۔ نظام آباد میں آئی ٹی ہب قائم کیا گیا عنقریب گوگل ، انفوسیس جیسی کمپنیاں بھی خدمات فراہم کرنے کا اعلان کرچکی ہیں ۔ راہول گاندھی نے کانگریس کو کامیاب بنانے پر 4 ہزار روپئے پنشن دینے کا جو دعویٰ کیا ہے اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے راہول گاندھی کو مشورہ دیا کہ وہ پہلے جن ریاستوں میں کانگریس کی حکومتیں ہیں وہاں کے عوام کو 4 ہزار روپئے پنشن دینے کے بعد تلنگانہ کے عوام سے رجوع ہوں ۔۔ ن
