الور: کانگریس لیڈر راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا آج صبح 6.30 بجے راجستھان کے الور ضلع سے ر وانہ ہوئی اور اس کے بعد یہ ہریانہ میں داخل ہوئی۔ہریانہ میں پد یاترا ہریانہ کی سرحد کے منڈکا گاؤں کے قریب سے شروع ہوئی، جو ہریانہ کے فیروز پور جھرکا تک تقریباً 15 کلومیٹر تک چلے گی۔ یہ یاترا گورنمنٹ ایگریکلچر کالج، نوگاؤں سے گاڑیوں کے ایک قافلے کے ساتھ ہریانہ میں داخل ہوئی، جو الور ضلع میں رات کے قیام کی جگہ ہے ۔اس یاترا میں راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت، ریاستی کانگریس صدر گووند سنگھ ڈوتاسرا، سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ، سابق مرکزی وزیر جتیندر سنگھ سمیت کئی کانگریسی لیڈران موجود تھے ۔ راہول گاندھی نے وزیر اعلیٰ سمیت کانگریس کے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا کہ راجستھان کا دورہ خوشگوار رہا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ راجستھان حکومت کو غریبوں کی خدمت، سماجی خدمت اور سماجی تحفظ فراہم کرنے کے کانگریس کے وژن پر کام کرنا چاہئے اور حکومت اور تنظیم کو اقتدار میں واپسی کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے ۔