راہول گاندھی کی ’’ بھارت جوڑو‘‘ یاترا تلنگانہ میں 15 دن اور 366 کیلو میٹر کا احاطہ

   

حیدرآباد۔/30 اگسٹ، ( سیاست نیوز) اے آئی سی سی قائد راہول گاندھی کی کنیا کماری تا کشمیر ’’ بھارت جوڑو‘‘ یاترا تلنگانہ میں 24 اکٹوبر کو داخل ہوگی اور تقریباً 366 کیلو میٹر کا احاطہ کیا جائے گا۔ سابق مرکزی وزیر اور تلنگانہ میں یاترا کے کنوینر بلرام نائیک نے کہا کہ راہول گاندھی کی یاترا محبوب نگر کے مکتھل سے تلنگانہ میں داخل ہوگی اور 4 لوک سبھا اور 9 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی ہائی کمان یاترا کا حقیقی روٹ میاپ جلد جاری کرے گی۔ تلنگانہ میں 15 دن تک یاترا جاری رہ سکتی ہے۔ بلرام نائیک کے مطابق 2023 اسمبلی انتخابات سے قبل راہول گاندھی کی یاترا سے پارٹی میں نیا جوش و جذبہ پیدا ہوسکتا ہے۔ راہول گاندھی کے ہمراہ ہزاروں کی تعداد میں کارکن شرکت کریں گے اور جکل سے یہ یاترا مہاراشٹرا میں داخل ہوگی۔ 150 دن طویل ’’ بھارت جوڑو‘‘ یاترا 7 ستمبر کو شروع ہوگی اور کنیا کماری سے کشمیر تک 3500 کیلو میٹر کا احاطہ کیا جائے گا۔ر