’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ نعروں کے درمیان بی جے پی و الیکشن کمیشن پر پھر تنقید‘ جلسہ عام سے خطاب
پٹنہ ۔28؍اگست (ایجنسیز )بہار میں کانگریس کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ اپنے 12ویں دن سیتامڑھی پہنچی جہاں راہول گاندھی نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر پھر شدید تنقید کی۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی نے ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں اپوزیشن کی آواز دبانے اور عوام کے حقِ رائے دہی کو چھیننے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ریاست میں تقریباً 65 لاکھ ووٹ کاٹے گئے ہیں اور ان میں بڑی تعداد دلتوں، پسماندہ طبقات، اقلیتوں اور غریبوں کے ناموں کی ہے جبکہ امیروں کے ووٹ جوں کے توں ہیں۔راہول گاندھی نے کہا کہ بہار کے عوام اب کسی قیمت پر ووٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔ بچے بچے کی زبان پر یہ بات ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی ووٹ چراتے ہیں۔جلسے میں موجود بھیڑ سے نعرے بلند ہوئے ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ اور راہول نے اس نعرے کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ثبوتوں کے ساتھ یہ ثابت کیا ہے کہ بی جے پی نے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں ووٹ چرائے۔ ان کے مطابق جلد ہی لوک سبھا اور ہریانہ انتخابات سے متعلق شواہد بھی عوام کے سامنے رکھے جائیں گے تاکہ یہ دکھایا جا سکے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس انتخابی عمل میں دھاندلی کر کے جیت حاصل کرتے ہیں۔راہول گاندھی نے آئین اور بابا صاحب امبیڈکر کے اصولوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہی آئین دلتوں، پسماندہ طبقات اور غریبوں کو عزت اور خود داری سے جینے کا حق دیتا ہے لیکن بی جے پی ان کے یہ حقوق چھیننا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کی آواز کبھی دبنے نہیں دیں گے۔راہول گاندھی کے ان بیانات کے بعد ریاست میں سیاسی ہلچل مزید تیز ہو گئی ہے۔ ان کے جلسوں میں عام لوگوں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے اور یاترا کے ساتھ ساتھ عوامی جوش میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ راہول کے مطابق بہار کے مختلف حصوں میں چھوٹے چھوٹے بچے بھی ان کے پاس آ کر یہی کہتے ہیں کہ ’مودی ووٹ چراتے ہیں‘ جو اس بات کی علامت ہے کہ ریاست کے عوام اپنے ووٹ کے حق کے لیے بیدار ہو چکے ہیں۔قبل ازیں، راہول گاندھی، تیجسوی یادو اور پپو یادو نے سیتامڑھی کے مشہور جانکی مندر میں پوجا کر کے یاترا کے 12ویں دن کا آغاز کیا۔ درشن کے بعد تیجسوی یادو نے ایکس پر لکھا کہ انہوں نے ملک و ریاست میں امن، سکون اور خوشحالی کی دعا کی اور یہ کہ ہمیں انصاف اور ظلم کے خلاف لڑنے کی طاقت ملتی رہے۔کانگریس رہنما الکا لامبا نے کہا کہ ’’ماں جانکی کے مقام پیدائش سیتامڑھی میں راہول گاندھی کی قیادت میں ووٹر ادھیکار یاترا کا آج 12واں دن ہے۔ ہم ان کا آشیرواد مانگ رہے ہیں۔ بہار کانگریس کے انچارج کرشنا الاورو نے کہا کہ ہم ہر مذہب اور ان کے بھگوان کو مانتے ہیں اور نفرت نہیں پھیلاتے۔ یہ یاترا 17 اگست کو سہسرام سے شروع ہوئی تھی اور اس میں راہول گاندھی، تیجسوی یادو، دیپانکر بھٹاچاریہ، مکیش سہنی سمیت مہاگٹھ بندھن کے کئی رہنما شریک ہیں۔