راہول گاندھی کی ٹیم کرپٹ ہے، بابا صدیقی کے بیٹے کا انکشاف

   

ممبئی : ممبئی یوتھ کانگریس کے سربراہ کے عہدہ سے ہٹائے گئے ذیشان صدیق نے کانگریس قائد پر الزام لگایا ہے کہ راہول گاندھی کے ارد گرد موجود لوگ پارٹی کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ معروف شخصیت بابا صدیقی کے بیٹے، کانگریس جماعت کے ایم ایل اے ذیشان صدیقی نے کانگریس جماعت کے اندر امتیازی سلوک کا الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ راہول گاندھی کی ٹیم کے رکن نے اِنہیں شرمندہ اور ذلیل کیا تھا۔ ذیشان صدیقی نے مزید الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ راہول گاندھی کی ٹیم بہت کرپٹ ہے۔ یاد رہے کہ ذیشان صدیقی نے یہ سب الزامات ممبئی یوتھ کانگریس کے سربراہ کے عہدہ سے ہٹائے جانے کے ایک دن بعد لگائے ہیں۔ بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہول گاندھی کی ٹیم کے ایک شخص نے اِن سے کہا کہ اگر وہ وائناڈ کے ایم پی (راہول گاندھی) سے ملنا چاہتے ہیں تو وزن کم کریں۔ ذیشان صدیق کا بتانا تھا کہ راہول گاندھی ایک اچھے لیڈر ہیں، وہ اپنا کام کرتے ہیں، ملکارجن کھرگے میرے لیے باپ کی طرح ہیں لیکن بعض اوقات، ان کی سینیارٹی کے باوجود کھرگے جی کے ہاتھ بھی بندھے ہوتے ہیں۔