پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ’خدمت کرو اور کرتے رہو‘ کی ہدایت
چندی گڑھ۔15؍ستمبر( ایجنسیز)کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج پنجاب میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی۔ پنجاب کے امرتسر، اجنالا اور رام داس جیسے سیلاب متاثرہ علاقوں کا انہوں نے دورہ کیا جہاں بارش اور سیلاب سے بہت نقصانات ہوئے ہیں ۔ سیلاب متاثرین سے ملاقات کے دوارن راہول گاندھی نے ان کے مسائل کو بغور سنا۔ راہول گاندھی کی موجودگی نے عوام میں اعتماد کا جذبہ پیدا کیا۔راہول گاندھی نے اس دوران پارٹی لیڈران اور کارکنان سے کہا کہ ’خدمت کرو اور کرتے رہو‘۔ اس اپیل نے پارٹی کارکنوں کو ترغیب دی کہ وہ سیاست سے اوپر اٹھ کر کام کریں۔ نوجوت کور سدھو نے اس جملہ کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے گھر بیٹھے لوگوں کو بھی خدمت کرنے کی ترغیب ملے گی۔ اس دورے میں ان کے ساتھ بھوپیش بھگیل، راجا وڈنگ، پرتاپ سنگھ باجوا اور چرنجیت سنگھ چنی جیسے لیڈران موجود تھے۔ پنجاب میں سیلاب کے سبب ریاست کے 23 اضلاع کے 2097 گاؤں مکمل طور سے تباہ ہو گئے ہیں۔ 15 اضلاع میں کم ازم کم 52 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔پنجاب کے متاثرہ علاقوں کے دورے کے لیے راہل گاندھی نے ہوائی سفر کے بجائے گاؤں گاؤں جا کر متاثرین سے ملاقات کی۔ انہوں نے کسانوں سے بات چیت کی اور گاؤں میں پیدل جانے کے بعد نصف کلومیٹر تک ٹریکٹر چلا کر اپنی گاڑی تک پہنچے۔ راہول گاندھی سے ملنے کے بعد ایک سیلاب متاثر فیض نے کہا کہ میرا گھر سیلاب کے سبب منہدم ہو گیا ہے۔ نوجوت کور نے ریاستی حکومت سے بھی کچھ تلخ سوال پوچھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی (قدرتی آفات کے لیے) تیاریوں کا کیا؟ حکومت نے ندیوں کے قریب مکانات کی تعمیر کی اجازت کیوں دی؟ جن لوگوں نے ایک بار میں پانی چھوڑ دیا، انہیں سزا دی جانی چاہیے۔