راہول گاندھی کی کانگریس چیف منسٹروں کیساتھ میٹنگ

,

   

کشمیری قائدین سے تبادلۂ خیال ، بی جے پی پر ناکامیوں کی پردہ پوشی کا جنون :کانگریس

نئی دہلی ۔ یکم جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس حکمرانی والی ریاستوں کے چیف منسٹروں نے آج راہول گاندھی سے صدر کانگریس کی حیثیت سے برقرار رہنے کی اپیل کی اور اُمید ظاہر کی کہ وہ اُن کی درخواست پر مثبت اتفاق کریں گے ، چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ نے میٹنگ کے بعد یہ بات کہی ۔ انھوں نے میڈیا والوں کو بتایا کہ یہ اچھی میٹنگ رہی جو تقریباً دو گھنٹے چلی ۔ ہم نے اُنھیں ملک بھر کے کانگریس ورکرس کے احساسات سے واقف کرایا اور اُن سے پارٹی کی قیادت جاری رکھنے کی اپیل کی ۔ ہمیں اُمید ہے وہ ہماری درخواست پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صدر کانگریس کی حیثیت سے برقرار رہیں گے ۔ چیف منسٹروں نے راہول سے اُن کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور لوک سبھا انتخابی ناکامی کا تجزیہ کیا اور پارٹی کی شکست کیلئے اخلاقی ذمہ داری قبول کی ۔ گہلوٹ نے کہاکہ 2019 ء کا الیکشن کانگریس کے پروگراموں ، پالیسیوں اور آئیڈیالوجی کی شکست نہیں ہے ۔ جموں سے موصولہ اطلاع کے بموجب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج جموں و کشمیر کی مجموعی سیاسی و سکیورٹی صورتحال پر پارٹی کی ریاستی قیادت کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا اور اُن سے کہاکہ مختلف محاذوں پر بی جے پی کی ناکامی پر اُن کے خلاف جارحانہ مہم چلائیں۔ ایک کانگریس ترجمان نے بتایا کہ راہول نے دہلی میں جموں و کشمیر کے سرکردہ قائدین کی میٹنگ کی صدارت کی اور ریاست کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب کانگریس نے آج بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی ناکامیوں کو ’’جنونی قوم پرستی ‘‘ کے پیچھے چھپارہی ہے ۔ اُس نے لوک سبھا انتخابات میں مذہبی کارڈ استعمال کرتے ہوئے ہی کامیابی حاصل کی ہے جس پر بی جے پی نے سخت ردعمل ظاہر کیا ۔