حیدرآباد۔/15 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی 17 نومبر کو تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ اے آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق راہول گاندھی روڈ شو، کارنر میٹنگس اور پدیاترا کے ذریعہ ایک دن میں پانچ اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کریں گے۔ پیناپاکا، نرسم پیٹ، ورنگل ( ایسٹ)، ورنگل ( ویسٹ) اور راجندر نگر اسمبلی حلقہ جات میں راہول گاندھی دورہ کرتے ہوئے عوام سے خطاب کریں گے۔ راہول گاندھی نئی دہلی سے شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پہنچیں گے اور صبح 11 بجے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ پیناپاکا پہنچیں گے۔ راہول گاندھی 12 بجے دن پینا پاکا میں روڈ شو اور کارنر میٹنگ سے خطاب کریں گے۔ وہاں سے بذریعہ ہیلی کاپٹر نرسم پیٹ پہنچیں گے اور سہ پہر 3 بجے روڈ شو سے خطاب کریں گے۔ وہاں سے سڑک کے راستہ ورنگل ( ایسٹ) اور پھر شام میں ورنگل ( ویسٹ ) میں پدیاترا کے ذریعہ عوام سے ملاقات کریں گے۔ دونوں اسمبلی حلقہ جات میں راہول گاندھی کا خطاب ہوگا۔ شام 6:30 بجے ورنگل سے سڑک کے راستہ حیدرآباد پہنچیں گے اور راجندر نگر میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ جلسہ عام سے خطاب کے بعد راہول گاندھی رات میں نئی دہلی واپس ہوں گے۔