کسٹمرس کی تعداد میں اضافہ، راہول گاندھی نے متھن کمار کو کانگریس گیارنٹی کارڈ حوالے کیا
حیدرآباد ۔ 16۔ مئی (سیاست نیوز) رائے بریلی میں کانگریس قائد راہول گاندھی نے جس ہیر کٹنگ سیلون میں اپنی داڑھی کو ٹرم کرایا تھا ، وہ سارے اترپردیش میں کافی مقبول دکان بن چکی ہے ۔ راہول گاندھی نے راستہ سے گزرتے ہوئے اچانک نیو ممبا دیوی ہیر کٹنگ سیلون میں پہنچ گئے اور متھن کمار سے اپنی داڑھی اور سر کے بال ترشوائے ۔ متھن کمار نے راہول گاندھی کی اچانک آمد کی کبھی توقع نہیں کی تھی اور وہ ان کی آمد سے حیرت میں پڑگئے ۔ متھن کا کہنا ہے کہ انہیں راہول گاندھی جیسے عظیم قائد کی خدمت کا موقع ملا ہے ۔ ہیر کٹنگ سیلون کے ملازم امن کمار نے بتایا کہ راہول گاندھی کی آمد کے بعد سے کسٹمرس کی تعداد میں اضافہ ہوگیا اور روزانہ کئی علاقوں سے ٹیلیفون کالس موصول ہورہے ہیں۔ یہ پوچھے جانے پر کیا راہول گاندھی نے الیکشن کے بارے میں بات چیت کی ، اس پر امن کمار نے کہا کہ راہول گاندھی نے اپنی پسند کی پارٹی کو ووٹ دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے اگنی ویر رکروٹمنٹ اسکیم کے بارے میں بات چیت کی اور کانگریس برسر اقتدار آنے پر اسکیم کو ختم کرنے کا وعدہ کیا ۔ راہول گاندھی نے متھن کمار سے کٹنگ کی مہارت کے بارے میں معلومات حاصل کی اور پوچھا کہ وہ کتنے گھنٹے کام کرتے ہیں۔ متھن کمار رائے بریلی سے قبل ممبئی میں یہی کام کرتے تھے ۔ راہول گاندھی نے روزانہ کی آمدنی کے بارے میں سوال کیا اور بتایا کہ کانگریس نے مہا لکشمی یوجنا اسکیم کے تحت ہر غریب کو سالانہ ایک لاکھ روپئے امداد کا فیصلہ کیا ہے ۔ راہول گاندھی نے رائے بریلی کی ترقی کے مسئلہ پر بھی بات چیت کی ۔ کٹنگ اور ٹرم کے اختتام کے بعد راہول گاندھی نے متھن کمار کا شکریہ ادا کیا اور ان کے ساتھ تصویر کھچوائی ۔ راہول گاندھی نے کانگریس کا گیارنٹی کارڈ حوالہ کیا۔ 1