بھٹی وکرمارکا کی پد یاترا کا اختتام، پی سرینواس ریڈی کی کانگریس میں شمولیت
حیدرآباد ۔28۔ جون (سیاست نیوز) اے آئی سی سی قائد راہول گاندھی 2 جولائی کو کھمم میں کانگریس کے ایک بڑے جلسہ عام میں شرکت کریں گے جسے تلنگانہ گرجنا سبھا کا نام دیا گیا ہے۔ اس جلسہ عام میں پیپلز مارچ پد یاترا کی تکمیل کرنے والے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ سابق رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی اور ان کے حامی جلسہ عام میں کانگریس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے نے آج بھٹی وکرمارکا سے ملاقات کے بعد یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی پد یاترا کی کامیابی پر بھٹی وکرمارکا کو تہنیت پیش کریں گے ۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے پی سرینواس ریڈی، اے آئی سی سی سکریٹری روہت چودھری ، پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ کے ہمراہ پد یاترا کیمپ پہنچ کر بھٹی وکرمارکا سے ملاقات کی اور جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹی وکرمارکا کی پد یاترا کامیاب رہی اور کانگریس کارکنوں میں نیا جوش پیدا ہوا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے 16 مارچ کو عادل آباد کے بوتھ اسمبلی حلقہ سے پد یاترا کا آغاز کیا تھا ۔ 105 دن میں 36 اسمبلی حلقہ جات کے 600 سے زائد دیہاتوں کا احاطہ کیا گیا اور 1221 کیلو میٹر فاصلہ پیدل طئے کیا۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے بتایا کہ آئندہ تین دنوں میں پد یاترا اختتام کو پہنچے گی ، اسی مناسبت سے 2 جولائی کو کھمم میں جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے۔ پد یاترا کے کھمم میں داخلہ پر سابق رکن پارلیمنٹ نے خیرمقدم کیا۔ر