راہول گاندھی کی 54 ویں سالگرہ ، گاندھی بھون میں مختلف پروگرامس

   

وزیر وینکٹ ریڈی نے خون کاعطیہ دیا، بھٹی وکرامارکا نے کیک کاٹا، طلبہ میں نوٹ بکس اور مریضوں میں ادویات تقسیم

حیدرآباد۔/19 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کی 54 ویں سالگرہ تقاریب آج گاندھی بھون میں منائی گئیں۔ اس موقع پر مختلف پروگرامس منعقد کئے گئے اور اہم قائدین نے کیک کاٹ کر راہول گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے علاوہ یوتھ کانگریس ، مہیلا کانگریس اور فشریز کانگریس کی جانب سے تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر ملوروی، انیل کمار یادو، صدر یوتھ کانگریس شیوا سینا ریڈی، صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ، سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی، صدر اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی فہیم الدین قریشی، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی محمد فیروز خاں اور دیگر قائدین نے سالگرہ تقاریب میں حصہ لیتے ہوئے ملک کیلئے راہول گاندھی کی خدمات کو سراہا۔ ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور صدر یوتھ کانگریس شیوا سینا ریڈی نے خون کا عطیہ دیا۔ یوتھ کانگریس کی جانب سے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تقریباً 300 کانگریس کارکنوں نے خون کا عطیہ دیا۔ اس موقع پر غریبوں کیلئے انا دانم پروگرام کے تحت کھانا تقسیم کیا گیا۔ غریب اسکولی طلبہ میں نوٹ بکس کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ نے کیک کاٹا اور غریب طلبہ میں نوٹ بکس تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ غریبوں کی بھلائی کے اقدامات کرتے رہی ہے۔ مہیلا کانگریس کی جانب سے مریضوں میں دوائیں اور فروٹس تقسیم کئے گئے۔ مہیلا کانگریس خیریت آباد کی صدر وجیہ ریڈی کی قیادت میں کانگریس کارکنوں نے انا دانم پروگرام میں حصہ لیا۔ گاندھی بھون میں راہول گاندھی کا ایک بڑا کٹ آؤٹ نصب کیا گیا۔ ملوروی اور دیگر قائدین نے کٹ آؤٹ پر پھول برسائے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ملوروی نے کہا کہ راہول گاندھی نے ملک سے نفرت کے خاتمہ کیلئے کشمیر سے کنیا کماری تک بھارت جوڑو یاترا کا اہتمام کیا جس کے نتیجہ میں سیکولر طاقتوں کو استحکام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے 400 پار کا نعرہ لگایا تھا لیکن راہول گاندھی کی زیر قیادت انڈیا اتحاد کی مہم کے نتیجہ میں بی جے پی 240 تک محدود ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس نے اپنے ووٹ بی جے پی کیلئے منتقل کئے جس کے نتیجہ میں بی جے پی کو 8 نشستوں پر کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 14 نشستوں پر کانگریس کی کامیابی یقینی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی عوام کی بھلائی کیلئے روزانہ 20 گھنٹے کام کررہے ہیں۔ ملوروی نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اور نتیش کمار پر مرکزی حکومت کا انحصار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مستحکم نہیں ہے اور کسی بھی وقت حکومت زوال کا شکار ہوسکتی ہے۔ رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور یوتھ کانگریس صدر شیوا سینا ریڈی نے کہا کہ مرکز میں اپوزیشن اتحاد کے استحکام میں راہول گاندھی کا اہم رول ہے۔1